پاکستان اور نواز شریف لازم اور ملزوم ہیں، جمال شاہ کاکڑ

کوئٹہ:پاکستان مسلم لیگ(ن)بلوچستان کے رہنماوں نے کہا ہے کہ پاکستان اور میاں محمد نواز شریف لازم اور ملزوم ہیں میاں نواز شریف کو سیاست سے باہر کرنے کا خواب دیکھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں سخت حالات کے باوجود سیاسی کارکنوں کا میاں نواز شریف کی قیادت پر اعتماد کا اظہارکرتے ہوئے مسلم لیگ(ن)میں شامل ہونا اس بات کی دلیل ہے کہ مسلم لیگ (ن)آج بھی ملک کی سب سے بڑی سیاسی و جمہوری جماعت ہے،سلیکٹڈ حکمران عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی بجائے آٹا،چینی،پٹرول چوروں کی سرپرستی میں ملوث ہیں اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافے اور مہنگائی کے باعث عوام دو وقت کی روٹی کے محتاج ہوچکے ہیں اور وہ خود کشیاں کرنے پر مجبور ہیں مسلم لیگ(ن) ہی وہ جماعت ہے جو ملک کو موجودہ بحرانوں سے نجات دلاسکتی ہے۔یہ بات مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے صدرو سابق اسپیکر جمال شاہ کاکڑ، مسلم لیگ(ن) یوتھ ونگ کے مرکزی سینئر نائب صدر جہانگیر خان خروٹی،مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے سیکرٹری اطلاعات نصیرخان اچکزئی نے قبائلی وسیاسی رہنما سردار نسیم خان ترین کی اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت جمعیت علماء اسلام(س) سے مستعفی ہوکر مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کے موقع پر مقامی ہال میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر مسلم لیگ(ن) کے رہنما ملک ظاہر کاکڑ، وہاب اٹل، شاکر محمد حسنی،نسیم خان اچکزئی، مسلم لیگ(ن) یوتھ ونگ کے صوبائی جنرل سیکرٹری سجادرئیسانی،سلیم پپو، میرعاد ل ساتکزئی اوردیگر رہنما بھی موجود رتھے۔اس موقع پر قبائلی و سیاسی رہنما سردارنسیم خان ترین نے اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت جمعیت علماء اسلام(س) سے مستعفی ہوکر مسلم لیگ(ن) کے قائد میاں نواز شریف، صوبائی صدرجمال شاہ کاکڑ،یوتھ ونگ کے مرکزی نائب صدر جہانگیر خروٹی،سجاد رئیسانی کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مسلم لیگ(ن) میں شمولیت کا اعلان کیا۔ جمال شاہ کاکڑ، نصیرخان اچکزئی، جہانگیر خان خروٹی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار نسیم خان ترین اورانکے ساتھیوں کو مسلم لیگ(ن) میں شمولیت کرنے پر مبارکباددیتے ہوئے کہا کہ سردارنسیم خان ترین اورانکے ساتھیوں کی مسلم لیگ (ن)میں شمولیت سے پارٹی بلوچستان میں مزید فعال اور منظم ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو سستا آٹا، چینی، دوائی دینے کے بجائے سلیکٹد اور نا اہل سابق وزیراعظم میاں محمد نوازشریف کی صحت پر سیاست کررہی ہے عمران نیازی اور ان کی حکومت نے تسلیم کیاتھا کہ نوازشریف بیمار ہیں اب ہمیشہ کی طرح جھوٹ کو سہارا لیا جارہا ہے فیصلے کرنا اور پھر ان سے مکر جانا عمران نیازی کی پرانی عادت ہے انہوں نے کہا کہ پوری قوم نوازشریف کی صحت اور سلامتی کے لئے دعا گو ہے، مخالفین کو ایک بار پھر ناکامی اور رسوائی کا منہ دیکھنا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم نے کہا تھا کہ جب ملک میں بجلی،گیس،اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ ہو تو اسکا مطلب ہے کہ وزیراعظم چور ہے آج ملک میں روزانہ کی بنیاد پر اشیاء خوردونوش سمیت دیگر اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہورہا ہے عمرا ن نیازی آٹا،چوری،پٹرول چوروں کی سرپرستی کر رہے ہیں انہیں عوام سے کوئی سروکار نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اقتدار میں آنے سے قبل عوام کو ایک کروڑنوکریاں اور پچاس لاکھ گھردینے کا وعد ہ کیا تھا لیکن اقتدار میں آنے کے بعد وہ لاکھوں افراد کو بے روزگار اور بے گھر کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) ہی وہ واحد سیاسی و جمہوری جماعت ہے جو ملک اورعوام کو موجودہ بحرانوں سے نکال سکتی ہے آنے والا وقت انشاء اللہ مسلم لیگ(ن) کا ہی ہے کارکن اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق برقرار رکھتے ہوئے مسلم لیگ(ن) کے بیانیے کو گھر گھر پہنچائیں اور عوام سے قریبی رابطہ رکھیں اور ابھی سے ہی عام انتخابات کی بھر پور تیاریاں شروع کردیں۔ اس سے قبل مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدرجمال شاہ کاکڑ جب شمولیت تقریب میں شرکت کیلئے پہنچے تو انکا والہانہ استقبال کیا گیا اوران پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں