سانحہ آٹھ اگست کا زخم کبھی بھی بھر نہیں سکتا، جمال شاہ کاکڑ
کوئٹہ:پاکستان مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے صدر و سابق اسپیکر جمال شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ شہداء 8اگست کی عظیم قربانی آج بھی ہمارے دلوں میں زندہ ہے سانحہ آٹھ اگست نے بلوچستان کے دل پر وہ زخم چھوڑے کے جو کبھی بھر نہیں سکتے، شہداء کا مشن آج بھی جاری و ساری ہے اور جاری رہے گا، یہ بات انہوں نے سانحہ آٹھ اگست کی برسی کے موقع پر اپنے ایک بیان میں کہی، انہوں نے کہاکہ 5 سال قبل جس بے دردی سے بلوچستان کو ایک پڑھی لکھی مستقبل کی معمار نسل سے محروم کیا گیا اسکی مثال دنیا میں بہت کم ملتی ہے اس دلخراش واقعہ کے زخم آج بھی تازہ ہیں اور بلوچستان کا ہر فرد اپنے شہداء کی یاد میں غمگین ہے انہوں نے کہا کہ سانحہ آٹھ اگست میں کسی ایک طبقے نہیں بلکہ معاشرے کا اجتماعی نقصان ہوا اس واقعہ میں نہ صرف وکلاء بلکہ صحافی،عام شہری بھی شہید و زخمی ہوئے مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے ان شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے اور اس بات کا عزم کرتی ہے کہ ہم عوام کے حقوق کی جدوجہد، مظلوم کے مسائل حل کرنے کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے شہداء کا ادھورا مشن عزائم کی تکمیل تک جاری رہے گا۔


