آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ: انگلینڈ نے پاکستان کو 42رنز سے شکست دے دی

کینبراآئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی کرکٹ ورلڈکپ 2020 کے گروپ میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 42 رنز سے شکست دے دی۔کینبرا میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنائے۔ مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں قومی خواتین کرکٹ ٹیم19.4 اوورز میں 116 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔تفصیلات کے مطابق قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کی باؤلرز نے نپی تلی باؤلنگ کرتے ہوئے میچ کے آغاز میں حریف ٹیم کو دباؤ کا شکار کیا تاہم 81 کے مجموعی اسکور پر 3وکٹیں گرنے کے بعد انگلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان ہیتھر نائٹ نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی۔انہوں نے 47 گیندوں پر 8چوکوں اور 1 چھکے کی بدولت62 رنز کی اننگز کھیلی۔ دیگر نمایاں بیٹرز میں نتالی سیوورز نے 36 اور فرین ولسن نے 22 رنز بنائے۔ایمن انور نے 3 اور ندا ڈار نے2 وکٹیں حاصل کیں۔ مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں قومی خواتین کرکٹ ٹیم اننگز کا متاثرکن آغاز کرنے میں ناکام رہی اور محض 62 رنز پر ابتدائی 6 بیٹرز آؤٹ ہوکر پویلین واپس لوٹ گئیں۔ساتویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے میدان میں اترنے والی آلراونڈر عالیہ ریاض نے 33 گیندوں پر 41 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی مگر وہ پاکستان کو فتح دلانے میں ناکام رہیں۔ عالیہ ریاض کی اننگز میں 5 چوکے اور 1چھکا شامل تھا۔ عالیہ ریاض سمیت قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی محض 3 بیٹرز ڈبل فگرز میں داخل ہوسکیں۔ اوپنرز جویریہ خان 16 اور منیبہ علی نے 10 رنزبنائے۔انگلینڈ کی سارہ گلین اور آنیا شرب سول نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔ میچ میں شاندار نصف سنچری اسکور کرنے پر انگلینڈ کی کپتان ہیتھر نائٹ کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں