زیارت دھرنا،کمیٹی کا آج تما م اضلاع میں اہم شاہراہوں کو مکمل بند کرنے کا اعلان

کوئٹہ:مانگی ڈیم زیارت لیویز شہدا کے سانحہ کے خلاف احتجاجی دھرناکمیٹی کے سربراہ نواب ایاز خان جوگیزئی کے فیصلے کی روشنی میں دھرنا کمیٹی اور آل پارٹیز کے زیر اہتمام آج صوبے کے تمام اضلاع میں تمام اہم قومی شاہراہوں کو مکمل طور پر بند کیا جائیگا اور پہیہ جام ہڑتال ہوگی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ٹرانسپورٹرز، کوچز، ویگنز، 2D، ٹرکوں کے مالکان وڈررائیورز اور عوام آج ہر قسم کی آمدورفت سے گریز کریں اور آج5ستمبر بروز اتوار کو تمام صوبے میں پہیہ جام ہڑتال ہوگا اور تمام اہم چھوٹے بڑے صوبائی وقومی شاہراہوں کو ٹریفک کیلئے مکمل طور پر بند کیا جائیگا اس سلسلے میں ٹرانسپورٹرز، ڈرائیورز اور عوام سے تعاون کی اپیل کی جاتی ہے۔ مانگی ڈیم زیارت لیویز شہدا کے المناک واقعہ کے خلاف زیارت کراس کے مقام پرلیویز شہدا کی لاشوں کے ہمراہ ہزاروں افراد پر مشتمل احتجاجی دھرنا آج 11ویں روز بھی دھرنا کمیٹی کے سربراہ نواب ایاز خان جوگیزئی کی زیر صدات جاری ہے۔احتجاجی دھرنے میں مختلف سیاسی، مذہبی، سماجی تنظیموں کے رہنماؤں، کارکنوں، قبائلی رہنماؤں، علماء کرام اور مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شرکاء سے اظہار یکجہتی کیلئے موجود ہیں۔ گزشتہ دنوں نواب ایاز خان جوگیزئی کے اعلان کردہ احتجاجی شیڈول کے مطابق 3ستمبر کو صوبے بھر میں احتجاجی مظاہرے وجلسے منعقد کیئے گئے اور گزشتہ روز 4ستمبر کو صوبے کے تمام اضلاع بالخصوص جنوبی پشتونخوا کے تمام اضلاع وعلاقوں کوئٹہ، کچلاک،یارو، پشین، سرانان، خانوزئی، قلعہ عبداللہ، چمن، ہرنائی،شاہرگ، سنجاوی، زیارت، لورالائی، دکی،میختر، موسیٰ خیل، شیرانی، ژوب، قلعہ سیف اللہ، مسلم باغ،کان مہترزئی، سبی ودیگر علاقوں میں مکمل طور پر شٹر ڈاؤن ہڑتال رہی اور تمام دکانیں، ہوٹلز، شاپنگ مالز وغیرہ بند رہے۔ آل پارٹیز، انجمن تاجران کے رہنماؤں و کارکنوں نے اپنے اپنے اضلاع وعلاقوں میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کا جائزہ لیا اور اس پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ مانگی ڈیم لیویز شہدا کے سانحہ کو آج 11دن مکمل ہوچکے ہیں لیکن نااہل، ناکام، سلیکٹڈ صوبائی حکومت ان شہدا کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچانے اور احتجاجی دھرنے کے مطالبات کو تسلیم کرنے کی بجائے ضمیروں کا سودا کرنے جیسے ناروا اقدامات کررہی ہیں اور اصل مطالبات سے منہ پھیر رہی ہیں لیکن ہمارے عوام نے اس نااہل مسلط حکومت کے خلاف اپنا فیصلہ دے دیا ہے گزشتہ دنوں تمام اضلاع وعلاقوں میں احتجاجی مظاہروں وجلسوں اور پھرشٹر ڈاؤن ہڑتال اور آج پہیہ جام ہڑتال حکومت کے خلاف ریفرنڈم اور بیزاری کاواضح ثبوت ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ احتجاجی دھرنا کمیٹی اور عوام کا پرزور مطالبہ ہے کہ ضلع زیارت اور ضلع ہرنائی سے ایف سی کو بیدخل کیا جائے اور انہیں اپنے قلعہ تک محدود ررکھا جائے، ایف سی کی عوام دشمن ناروا اقدامات سے تمام عوام تنگ آچکے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ احتجاجی دھرنا کمیٹی کے مطالبات مانگی ڈیم لیویز شہدا سانحہ سمیت زیات اور ہرنائی میں رونماء ہونیوالے تمام دہشتگردانہ اور دیگر واقعات کی اعلیٰ سطحی عدالتی کمیشن کے ذریعے تحقیقات کرائی جائے، ضلع زیارت کے ڈپٹی کمشنراور ایف سی کیپٹن کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے، ضلع زیارت اور ضلع ہرنائی سے ایف سی کو بیدخل کیا جائے اور ایف سی کو اپنے قلعوں تک محدود کیا جائے ان تمام مطالبات کو فی الفور تسلیم کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں