امن جرگہ بلوچستان بھر میں قبائلی دشمنیوں کو ختم کرکے دم لے گا، لالا یوسف خلجی

کوئٹہ:بلوچستان امن جرگے کے سربراہ لالا یوسف خلجی اور ملک عمران کاکڑ کی قیادت میں جمعہ کو طورخان ناصر پھاٹک (بیوٹمز)سے ایک امن ریلی نکالی گئی جو ائیر پورٹ روڈ، زرغون روڈ، سرکلر روڈ سے ہوتی ہوئی پریس کلب پہنچی ریلی کے شرکاء نے سفید اور پاکستانی پرچم اٹھارکھے تھے ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے بلوچستان امن جرگے کے سربراہ لالا یوسف خلجی، ملک عمران کاکڑ،اکبر خان خروٹی نے کہا کہ بلوچستان امن جرگے نے صوبے میں قبائلی دشمنیوں اور نفرتوں کے خاتمے کا بیڑہ اٹھارکھا ہے بلوچستان امن جرگے نے قبائلی عمائدین،علماء کرام، سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کی مشاورت کے بعد گلستان میں امن کیمپ لگایا اور صوبے کی تاریخ میں پہلی بار100دن کیلئے گلستان میں امن کے قیام اور قبائلی دشمنیوں کے خاتمے کیلئے خیمہ زنی کی گئی جس کے دوران درجنوں قبائلی تنازعات کا پرامن تصفیہ کرایا گیا جس سے گلستان شہر سے امن،محبت اور بھائی چارے کی صدا بلند ہوگی اورانشاء اللہ بلوچستان امن جرگہ گلستان میں بالخصوص اور بلوچستان بھر میں بالعموم قبائلی دشمنیوں کو ختم کرکے دم لے گا۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان امن جرگے نے الحمد اللہ سریاب میں بھی قبائلی دشمنیوں کے خاتمے کیلئے خیمہ زنی کی اور وہاں بھی کئی قبائلی دشمنیاں محبت اور اخوت میں بدل گئیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں زئی اور خیلی کی سیاست سے نکل کراپنے میں ملک اورقوم کی خدمت کرنے کا جذبہ پیدا کرناچاہئے قوم اور مذہب پرستوں نے ہمیں پسماندگی، جہالت اور خوشنما نعروں کے سوا کچھ نہیں دیا انہوں نے کہا کہ پشتون قوم آپس کے اختلافات کے باعث بہت سے مسائل کا شکار ہے بلوچستان امن جرگہ پشتون قوم کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنے کیلئے ہر قسم کی قربانی دینے کیلئے تیار ہے آج کی ریلی کے انعقاد کا مقصد بھی یہی ہے کہ صوبے میں آباد تمام قوموں کو محبت اور امن کا پیغام دیں۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں قبائلی دشمنیوں اور نفرتوں کا خاتمہ کئے بغیر صوبہ ترقی نہیں کرسکتا قبائلی مشران کو چاہئے کہ وہ آگے بڑھ کر قبائلی دشمنیوں کے خاتمے میں اپنا بھر پورکردارادا کریں تاکہ بلوچستان بھی ترقی کے لحاظ سے صوبے کے دوسرے علاقوں کے برابر آسکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمارا ملک ہے اس کیلئے ہمارے آباؤ اجداد نے قربانیاں دی ہیں اسکی حفاظت اب ہماری ذمہ داری ہے جسے ہرصورت میں پورا کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ صوبے میں دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں اپنی جانوں کا نذرانہ دینے والے شہریوں اور سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں