حکو مت خضدار شہر کو بہت جلد میٹروپولیٹن کا درجہ دیگی، گہرام بگٹی

خضدار:صوبائی مشیر بلدیات بلوچستان نوابزادہ گہرام بگٹی نے کہا ہے کہ خضدار سی پیک روٹ کا جنگشن ہونے اور شہرکی آبادی میں تیزی سے وسعت کو دیکھ کر حکومت بہت جلد خضدار شہرکو میٹروپولیٹن کا درجہ دیگی جس پر ہوم ورک جاری ہے اور ساتھ ہی خضدار میں میٹرو پولیٹن کے طرز کے بلڈنگ کے لئے 10کروڑ روپے مختص کردیئے گئے ہیں جو کہ ٹینڈر پراسس میں ہے بہت جلد سیکرٹری و ڈی جی لوکل گورنمنٹ کے ہمراہ خضدار کا تفصیلی دورہ کرونگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلدیہ ریسٹ ہاس خضدار میں میونسپل کارپوریشن کے آفیسران کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا اجلاس میں چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن خضدار نظر خان زہری انجینیئر میونسپل کارپوریشن خضدار ہدایت اللہ زہری انجینیئر ظہور احمد موسیانی و دیگر آفیسران بھی شریک تھے مشیر بلدیات نے کہا کہ عوام الناس کودرپیش مسائل حل کرنے میں بلدیاتی اداروں کا کلیدی کردار ہے صحت وصفائی سمیت دیگر امور پر بھی توجہ مرکوز رکھیں تاکہ شہریوں کو ان اداروں سے توقعات کسی حد تک پوری ہوسکیں چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن خضدار نظرخان زہری نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ خضد ار میونسپل کارپوریشن وسیع و عریض علاقے پر مشتمل ادارہ ہے شہر میں تیزی سے آبادی میں اضافہ ہونے کی وجہ سے ہمارے مسائل میں بھی اضافہ ہو رہا ہے شہر میں صفائی و روشنائی کے علاوہ ترقیاتی شعبے پر بھی توجہ دی جا رہی ہے میونسپل کار پوریشن خضدار کے زیر انتظام (فیملی)پارک کو جدید طرز پر تذئین و آرائش کی گئی ہے اس کے علاوہ بلڈنگ کوڈ و غیر قانونی اراضیات پر تعمیرات کی روک تھام بھی ہمارے ادارے کی ذمہ داریوں میں سرفہرست ہے جس کی روک تھام کے لئے میونسپل کارپوریشن کا عملہ ہمہ وقت چوکس ہے چیف آفیسر نے مزید بتایا کہ ہماری کوشش ہے کہ شہریوں کو درپیش مسائل بلاتاخیر حل ہوں تاہم صفائی کے لئے جدید مشینری اور صفائی عملہ کم اور تنخواہوں کی بروقت ادائیگی کی وجہ سے کافی ساری پریشانیوں کا سامنا رہتا ہے جسے مشیر بلدیات نے جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی مشیر بلدیات نے چیف آفیسرمیونسپل کارپوریشن خضدار نظرخان زہری کی شہر کے مزید خوبصورتی کے لئے پیش کئے گئے تجاویز و آرا اورمحدود وسائل میں رہتے ہوئے کاوشوں کو بھی سراہا

اپنا تبصرہ بھیجیں