عمران خان سے عام پاکستانی پوچھ رہا ہے کہ بیرون ملک سے کیا تحائف ملے، حافظ حمد اللہ

کوئٹہ : پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے مرکزی ترجمان و جمعیت علماء اسلام کے رہنماء مولانا حافظ حمداللہ نے کہا ہے کہ عمران خان جب اپوزیشن میں تھے تو حضرت عمرؓ کی مثالیں دیا کرتے تھے آج ایک عام پاکستانی پوچھ رہا ہے کہ خان صاحب آپ کو بیرون ملک سے کیا تحائف ملے اور وہ کہاں ہیں۔ اپنے جاری کردہ بیان میں مولانا حافظ حمداللہ نے کہا ہے کہ عمران خان جب اپوزیشن میں تھے تووقت کی حکمران کے احتساب کے لئے”حضرت عمرؓ“کی مثالیں دیاکرتے تھے، آج ایک عام پاکستانی پوچھ رہا کہ خان صاحب آپ کوبیرون ممالک سے کیا تحائف ملے اور کہاں ہیں؟مگر ریاست مدینہ جیسی مثالی ریاست قائم کرنے کے دعویدار عمرانی سرکار تفصیلات دینے سے صاف انکار کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی جانب سے تحائف ظاہر نہ کرنے سے مختلف ممالک کے ساتھ تعلقات متاثر ہوں گے اور ملکی وقارمجروح ہوگا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ کیا تحائف کوخفیہ قراردینا،رائٹ ٹوانفارمیشن ایکٹ،،کی خلاف ورزی نہیں؟ کیا یہ وہی توشہ خانے میں رکھے ہوئے تحائف کی بات نہیں ہورہی جس کاریفرنس دوسابق وزرائے اعظم اور ایک سابق صدر پرچل رہاہے؟ کیا اس وقت ممالک کے ساتھ تعلقات متاثراور ملکی وقارمجروح ہونے کا سوال نہیں تھا؟۔ انہوں نے کہا کہ قومی وقار تب مجروح ہوا جب لاڈلے دیانتدارسے سوال ہوا؟مولانا حافظ حمداللہ نے کہا کہ جب بھی انتخابی اصلاحات کے بارے میں سوال کیا جاتا ہے تو حکمران بھاگ جاتے ہیں مگر ہم حکمرانوں کو بتانا چاہتے ہیں کہ پی ڈی ایم ان کا پیچھا کرتی رہے گی اور انہیں حساب دینا ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں