سڑکوں پر نکلے تو حکومت کا ٹھہر نا نا ممکن ہوجائے گا،تاجر
کوئٹہ:تاجر و سیاسی رہنماؤں نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں مہنگائی، لاقانونیت پر قابو پانے میں یکسر طور پر ناکام ہے سیاسی جماعتوں کے بعد تاجروں کو مجبور نہ کیا جائے کہ وہ بھی سڑکوں پر احتجاج کریں،حکومت اور انتظامی ادارے تاجروں کے ساتھ مکمل تعاون اور با مقصد مذاکرات کریں،ایف آئی اے، ایف بی آر اور نیب کے ادارے بلا جواز تاجروں کو تنگ کرنے سے گریز کریں، تاجراپنے حقوق اور مفادات پر سمجھوتہ نہیں کریں گے، شہید اللہ داد ترین کے قاتلوں کو گرفتار کرکے سزا دی جائے، یہ بات انجمن تاجران بلوچستان کے صدر عبدالرحیم آغا، جنرل سیکرٹری عمران ترین، آل پاکستان انجمن تاجران سندھ کے صدر جاوید قریشی، قاری مہر اللہ، عوامی نیشنل پارٹی کے ضلعی جنرل سیکرٹری نذر علی پیر علیزئی، انجمن تاجران پاکستان کے سرپر ست اعلیٰ شیخ فرقان،، احتشام حلیم، تاجر اتحاد کے صدر حاجی نور محمد اچکزئی، آل موٹر سائیکل ایسوسی ایشن کے صدرمحمد جان آغا، انجمن تاجران کے ولی افغان، حاجی منظور کاکڑ،تاجر رہنماؤں رحمن گل، کاشف صابرانی، شمس عمرانی، اسلم اچکزئی، داد شاہ،ملک بہادر ملیزئی، دولت ترین سمیت دیگر سمیت دیگر نے انجمن تاجران بلوچستان کے سابق جنرل سیکرٹری شہید اللہ داد ترین کی پہلی برسی کے موقع پر منعقد ہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ایران کے ڈپٹی کونسل جنرل بھی موجود تھے۔ مقررین نے کہا کہ شہید اللہ داد ترین کی تاجر برداری کے لئے خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں تھیں وہ ملک بھر میں تاجر برداری کی آواز تھے جنہوں نے کبھی بھی تاجروں کے حقوق پر سمجھوتہ نہیں کیا انکی خدمات تاجروں کے لئے مشعل راہ ہیں شہید اللہ داد ترین کے قاتلوں کوگرفتار کر کے قرار واقع سزا دی جائے، مقررین نے کہا کہ تاجروں کے مفادات پر نہ سودا کیا ہے نہ کریں گے ہم نے ہر قسم کے لالچ اور مراعات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے تاجروں کی خدمت کرنے کا عہدکیا ہے اور اس خدمت جو جاری رکھیں گے انہوں نے کہا کہ انجمن تاجران بلوچستان نے ہمیشہ تاجرو ں کے حقوق کی آواز بلند کی ہے اور انکا تحفظ کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے کورونا وائرس کی وباء کے دورا ن بھی حکومت اور انتظامیہ کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کی ہم نہ کبھی مراعات کے لئے تاجروں کے مفادات پر سودا کیا ہے اور نا ہی کریں گے انہوں نے کہا کہ تاجرمعیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں لیکن آج زکوۃ خور حکمران بن گئے جنہوں نے مہنگائی اور لاقانونیت کو فروغ دیکر تاجروں کو مختلف ہتھکنڈوں سے مرعوب کرنے کی کوششوں کا آغاز کر رکھا ہے ایف بی آر سمیت دیگر ادارے بلا جواز تاجروں کو تنگ کر رہے ہیں اسد عمر سمیت دیگر وزراء کو کسی بھی صورت تاجروں کے مفادات کے خلاف کام کرنے نہیں دیں گے انہوں نے کہا کہ حکومت نے کورونا وائرس کے دوران صرف اور صرف پابندیاں لگائیں جبکہ تاجروں کو سہولیات دور کی بات ہیں ایک ماسک تک نہیں دیاگیا انہوں نے کہا کہ بڑے صوبوں کے تاجر خاموش رہنے کی بجائے مہنگائی اور لاقانونیت کے خلاف اٹھیں حکومت تاجروں کو مجبور نہ کرے کہ وہ سڑکوں پر آکر احتجاج کریں اگر تاجر سڑکوں پر نکلے تو حکومت کا قائم رہنا نا ممکن ہوگا مقررین نے کہا کہ بلوچستان کی معیشت کا دار و مدار افغان اور ایران بارڈر پر تجارت سے منسلک ہے لیکن یہ دونوں سرحدیں بند ہونے کی وجہ سے لاکھو ں لوگ بے روزگا ر ہورہے ہیں ہم نے بار ہاحکومت کو یہ باور کروایا ہے کہ اس مسئلے کو حل کیا جائے مگر ایسا نہیں کیا گیا حکومت لاکھوں لوگوں کے منہ کا نوالہ چھین رہی ہے


