لاک ڈاؤن میں نرمی مزید صورتحال کو گھمبیر کرسکتی ہے، علی مدد جتک

کوئٹہ:پاکستان پیپلزپارٹی کے صوبائی صدر میر حاجی علی مدد جتک نے کہاہے کہ عوام میں کووڈ19کے حوالے سے احتیاطی تدابیرکیلئے عملی طورپراقدامات کی ضرورت ہے،وفاقی حکومت ملک بھر میں لاک ڈاؤن میں نرمی کررہی ہے لیکن صورتحال یہ ہے کہ آئے روز کیسز میں اضافہ ہورہاہے ایسے میں لاک ڈاؤن میں نرمی کیسز میں مزید اضافے کا پیش خیمہ ہوسکتاہے،لہٰذاء اس سلسلے میں سنجیدگی کامظاہرہ کیاجائے۔اپنے ایک بیان میں صوبائی صدرپیپلزپارٹی بلوچستان نے ملک بھر میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ ایسی صورتحال میں جب ملک بھر میں عالمی وباء کورونا وائرس سے بڑی تعداد میں لوگ متاثر ہورہے ہیں عوام کے مفاد میں لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیاگیا ایسی صورتحال میں وفاقی حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن میں نرمی لائی جارہی ہے جس مزید صورتحال کو گھمبیر کرسکتی ہے لہٰذاء حکومت وقت کوچاہیے کہ وہ اس مسئلے کو سنجیدگی سے لیں بلکہ ٹی وی اور اخبارات کی حد تک احتیاطی تدابیر دکھانے کی بجائے عملی طورپر اقدامات کئے جائیں تاکہ عوام میں شعوروآگاہی ہو اور وہ مسئلے کاادراک رکھتے ہوئے خود کو اور دوسروں کو اس عالمی وباء سے محفوظ رکھیں،انہوں نے کہاکہ کورونا وائرس ایک عالمی وباء ہے اور پوری دنیا آج اس وائر س سے متاثر ہے عوام کو چاہیے کہ وہ سختی کے ساتھ احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے گھروں میں رہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں