بلوچستان میں الیکشن کمیشن آف پاکستان سیاسی مداخلت سے پاک حلقہ بندیاں کرے گی،صوبائی الیکشن کمشنر
دالبندین صوبائی الیکشن کمشنر فیاض حسین مراد نے کہا ہے کہ بلوچستان میں الیکشن کمیشن آف پاکستان سیاسی مداخلت سے پاک حلقہ بندیاں کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ حلقہ بندیاں منظم طریقہ کار کے تحت الیکشن کمیشن خود کرے گی جس میں ہر لحاظ سے میرٹ کا خیال رکھا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرکٹ ہاؤس دالبندین میں پریس بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈویژنل الیکشن کمشنر طاہر حسن اور ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر طاہر علی قادری بھی موجود تھے۔ صوبائی الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ ووٹوں کی رجسٹریشن اور تصدیق کا عمل 6 دسمبر تک جاری رہے گی جس کے بعد انتخابی فہرستوں کو ڈسپلے سینٹرز پر آویزاں کیا جائے گا۔ انہوں نے عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ گھر گھر جانے والی تصدیقی ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ رخشان ڈویڑن رقبے کے لحاظ سے بلوچستان کا 28 فیصد بنتا ہے جہاں مشکلات اور مسائل کے باوجود الیکشن کمیشن کی ٹیمیں تندہی سے کام کررہے ہیں۔


