آواران اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے، شدت 3.5 ریکارڈ
کوئٹہ :بلوچستان کے ضلع آواران اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے، جس کی شدت 3.5ریکارڈ کی گئی۔
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع آواران اور گردونواح میں زلزلے کے باعث لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا اور لوگ کلمہ طیبہ کا وردکرتےہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔زلزلہ پیمامرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 3.5 اور گہرائی 25کلو میٹر ر یکارڈ کی گئی جبکہ زلزلے کا مرکز آواران سے 55 کلو میٹرجنوب مغرب میں تھا۔
واضح رہے کہ چند روز قبل بھی ملک کے مختلف حصوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کے گئے تھے۔زلزلہ پیما مرکز کے مطابق خیبر پختونخوا کے علاقے سوات، لوئر دیر اور بونیر سمیت بشام، شانگلہ، اپردیر، مالاکنڈ اور چترال میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے تھے۔
ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 3.8جبکہ گہرائی 120کلو میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ زلزلے کا مرکز افغانستان تھا۔
دوسری جانب سندھ میں حیدرآباد اور کوٹری سمیت دیگر ملحقہ علاقوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے تھے، جس کی شدت ریکٹر اسکیل پر 3.3 ریکارڈ کی گئی تھی۔


