ؒخضدار،ڈیوٹی ٹائم پر اکثر ڈاکٹر موجود نہیں رہتے، آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی

خضدار: آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی خضدار کے رہنماوں کی میڈیکل سپریٹنڈنٹ ٹیچنگ ہسپتال خضدار ڈاکٹر سعید احمد بلوچ سے ملاقات، علاج و معالجے کے حوالے سے درپیش مشکلات، صفائی کی ناقص صورتحال اور ڈیوٹی ٹائم میں ڈاکٹروں کی غیر حاضری سمیت دیگر مختلف امور پر تفصیلی بات چیت۔تفصیلات کے مطابق آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی خضدار کے چیئرمین ایڈوکیٹ حمید بلوچ کی قیادت میں انجمن تاجران خضدار کے نائب صدر و آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی کے جنرل سیکریٹری ٹکری بشیر احمد جتک، پاکستان پیپلز پارٹی خضدار کے ضلعی صدر سجاد زیب حسنی، خضدار پریس کلب کے جنرل سیکریٹری و جے یو آئی کے رہنماء مولانا محمد صدیق مینگل، بلوچستان عوامی پارٹی کے ضلعی ترجمان محمد یونس گنگو، جھالاوان زمیندار ایکشن کمیٹی کے رہنماء عبدالوہاب غلامانی، جے یو آئی نظریاتی کے ضلعی رہنماء مولانا عبدالغفور کرخی پر مشتمل ایک نمائندہ وفد نے ٹیچنگ ہسپتال خضدار کے ایم ایس ڈاکٹر سعید احمد بلوچ سے ملاقات کی اور انہیں اپنی تشویش سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ڈیوٹی ٹائم پر اکثر ڈاکٹر موجود نہیں رہتے جس کی وجہ سے علاج و معالجے کی غرض سے ٹیچنگ ہسپتال آنے والے مریضوں کو شدید مشکلات اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ ٹیچنگ ہسپتال میں صفائی کی ناقص صورتحال کی وجہ سے اکٹر وارڈز میں گندگی اور تعفن موجود رہتا ہے۔وفد نے ایم ایس سے درخواست کی کہ عوامی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے اور سرکاری ڈاکٹرز کی ڈیوٹی ٹائم میں موجودگی کو یقینی بنایا جائے۔ایم ایس ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر سعید احمد بلوچ نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی کی شکایات جائز ہیں۔کوشش کی جارہی ہے کہ ڈاکٹرز کو ڈیوٹی ٹائم کا مکمل پابند کیا جائے لیکن اس کے لیئے تمام سیاسی جماعتوں اور علاقائی نمائندوں کے مدد کی ضرورت ہے جب تک محکمہ ہیلتھ کو سفارش سے پاک نہیں کیا جائیگا مسائل حل نہیں ہونگے۔انہوں نے کہا کہ پانی کی کمی اور بجلی کی بندش کی وجہ سے صفائی کی صورتحال متاثر ہورہی ہے جس پر آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی نے انہیں یقین دھانی کراتے ہوئے کہا کہ ٹیچنگ ہسپتال کو متبادل زریعے سے پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیئے میونسپل کارپوریشن سمیت دیگر اداروں سے مدد لی جائیگی۔ایم ایس نے وفد کو یقین دلایا کہ سرکاری شیڈول کے مطابق ڈاکٹروں کی موجودگی کو یقینی بنایا جائیگا۔ملاقات میں طے پایا کہ ٹیچنگ ہسپتال کے جملہ مسائل کے حل کے لیئے ضلعی انتظامیہ اور مختلف سرکاری اداروں و سیاسی جماعتوں کا ایک مشترکہ اجلاس طلب کرکے مسائل کا دیرپا حل نکالا جاسکے۔ اجتماعی تعاون اور باہمی اتفاق رائے سے مسائل کے حل کے لیئے راہ ہموار کی جائیگی۔ وفد نے ایم ایس ٹیچنگ ہسپتال سمیت عوامی خدمت میں مصروف چند دیگر ڈاکٹرز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی کی طرف سے مکمل تعاون کی یقین دھانی کرائی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں