ملک بھر سے سرکاری ملازمین کا مطالبات کے حق میں ڈی چوک میں ٹوکن احتجاج
اسلام آباد:ملک بھر سے درجنوں سرکاری ملازمین کا اپ گریڈیشن، ٹائم سکیل پروموشن، ایڈہاک ریلیف کے بنیادی تنخواہوں میں انضمام، پینشنرز کی پینشن میں اضافے اور وفاقی و صوبائی ملازمین کی تنخواہوں میں موجود تفریق کے خاتمے کے لئے ڈی چوک میں ٹوکن احتجاج ریکارڈ کرا کے پر امن منتشر ہوگئے۔ احتجاجی ملازمین کے راہنماؤں نے پیش کردہ چارٹر آف ڈیمانڈ پر 10 فروری تک عدم عمل درآمد کی صورت میں ڈی چوک میں ہی اجتماعی خود سوزیوں کا عندیہ دیا ہے. منگل کو ڈی چوک میں پاکستان پوسٹ، سی ڈی اے، آئیسکو، قائد اعظم یونیورسٹی، ریلوے، کیرج فیکٹری، آڈٹ اینڈ اکاؤنٹس، نیشنل سیونگ، پاکستان سپورٹس بورڈ، اسٹیٹ آفس، وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سیکرٹریٹ ملازمین کی ہزاروں کی تعداد نے شرکت کی۔ٹوکن احتجاج کی سرپرستی آل گورنمنٹ گرینڈ الائینس کے چیف کوآرڈینیٹر رحمان باجوہ اور ایپکا کے مرکزی سینئر نائب صدر راجہ بلال کر رہے تھے۔ سرکاری ملازمین نے پوسٹل آپریشنل سٹاف کی اپ گریڈیشن سمیت اپنے پہلے سے پیش کردہ چارٹر آف ڈیمانڈ پر عمل درآمد کا مطالبہ دہرایا اور تاحال اس پر عمل درآمد نہ ہونے پر ٹوکن احتجاج ریکارڈ کرایا۔ سرکاری ملازمین نے اس موقع پر وفاقی حکومت کو 10 فروری تک پیش کردہ چارٹر آف ڈیمانڈ کی منظوری دینے کی درخواست کرتے ہوئے پر امن منتشر ہو گئے۔۔


