منی لانڈرنگ کامقدمہ،شہبازاورحمزہ کی درخواست ضمانت میں توسیع
لاہور :لاہور کی اسپیشل سینٹرل عدالت نے شوگر کاروبار کے ذریعے منی لانڈرنگ کرنے کے مقدمے میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی درخواست ضمانت میں 18 فروری تک توسیع کردی۔لاہور کی اسپیشل سینٹرل عدالت میں شوگر کاروبار کے ذریعے منی لانڈرنگ کرنے کے مقدمے میں شہبازشریف اورحمزہ شہباز سمیت دیگر کی ضمانتوں پر سماعت ہوئی۔
شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے عدالت کے روبرو پیش ہوکر حاضری مکمل کروائی۔ایف آئی اے نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی ضمانتیں مسترد کرنے کی استدعا کردی۔ایف آئی اے پراسکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ہم ضمانتوں پر دلائل دینے کے لیے تیار ہیں۔
شہبازشریف کے وکیل امجد پرویز کے ایسوسی ایٹ نے عدالت سے استدعا کی کہ امجد پرویز ہائیکورٹ میں مصروف ہیں،عدالت تاریخ دے۔عدالت نے ملزمان کو ایف آئی اے کے چالان کی کاپیاں فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔
ایف آئی اے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان کے وکلاء چالان کی کاپیاں کا ابھی جائزہ لے لیں تاکہ کوئی صحفہ مسنگ کا اعتراض بعد میں نہ کیا جائے۔عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے وکلاء کو چالان کی کاپیاں کا جائزہ آج ہی لینے کی ہدایت کردی۔
شہبازشریف نے عدالت سے قومی اسمبلی سیشن کے باعث طویل تاریخ دینے کی استدعا کی۔ عدالت نے شہباز شریف کو جواب دیا کہ آپ حاضری کی معافی کی درخواست کردیجئے گا،عدالت جائزہ لے لے گی۔عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی درخواست ضمانت میں 18 فروری تک توسیع کردی۔


