میٹروپولیٹن کارپوریشن کے ملازمین کیساتھ حکومتی مذاکرات کامیاب، ہڑتال ختم
کوئٹہ: میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کے ملازمین نے ایڈمنسٹریٹر شوکت علی کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے بعد ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں صفائی کا کام شروع کردیا ہے۔تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز ایڈمنسٹریٹر میٹرو پولیٹن کارپوریشن کوئٹہ شوکت علی نے کارپوریشن کے ہڑتالی ملازمین کے ساتھ مذاکرات کئے اور کہا کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کے ملازمین کے ڈیلی ویجز ملازمین کی کم سے کم تنخواہ 20 ہزار روپے مقرر کردی گئی ہے بلکہ میٹروپولیٹن ملازمین کے تمام واجبات بھی ریلیز کردیئے گئے ہیں۔ انہوں نے ہڑتالی ملازمین کو یقین دہانی کرائی کہ ڈیلی ویجز ملازمین کے جون تک تنخواں کی ادائیگی کیلئے رقم بھی مختص کی جائے بلکہ ملازمین کو اوور ٹائم بھی دیا جائے گا۔اس موقع پر میٹرو پولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کے ہڑتالی ملازمین نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے شہر میں صفائی کا کام شروع کر دیا اور ظاہر کی کہ ایڈمنسٹریٹر کی سربراہی میں تمام مطالبات پر عمل درآمد ممکن بنا یا جائے گا۔یاد رہے کہ میٹروپولیٹن کے ملازمین گذشتہ دوہفتوں سے اوزار چھوڑ ہڑتال پر تھے بلکہ انہوں نے کوئٹہ شہر میں صفائی ستھرائی کا کام بھی چھوڑ دیا تھا۔ ملازمین کا موقف تھا کہ انہیں گذشتہ تین ماہ سے تنخواہیں ادا نہیں کی گئی ہیں جس کے باعث ان کے گھروں کے چولہے بجھ چکے ہیں جس کی وجہ سے وہ سڑکوں پر نکلنے اور اوزار چھوڑنے پر مجبور ہوئے جس کے بعد ان ملازمین کے کوئٹہ میں ریلوں اور احتجاجی مظاہرون کا سلسلہ شروع کیا جو گزشتہ روز تک جاری رہا۔احتجاج کے دوران میٹرو پولیٹن کارپوریشن ملازمین کے حکومت اور کارپوریشن کے حکام کے ساتھ مذاکرات کے متعدد دور بھی ہوئے جبکہ وزیراعلی بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو پہلے ہی ان ملازمین کے لیے تین ماہ کی تنخواہوں اوردیگراخراجات کے لیے فنڈز ریلز کرنے کے احکامات صادر کئے تاہم ہڑتالی ملازمین کا کہنا تھا کہ ان کے ایک سالہ اخراجات کیلئے فنڈز مختص کئے جائیں۔


