2018ءکی پریکٹس دہرائی گئی تو حالات خراب ہوں گے، خواجہ آصف

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ 2018ءکی پریکٹس دہرائی گئی تو حالات مزید خراب ہوں گے۔سیالکوٹ میں ورکرز کنونشن سے خطاب میں خواجہ محمد آصف نے کہا کہ پی ٹی آئی کے لوگ ہم سے رابطے میں ہیں، موجودہ حکمرانوں کے دن گنے جاچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ووٹ کے ذریعے ووٹ کی عزت کو بحال کیا جائے، 2018 کی پریکٹس دوبارہ دہرانے سے حالات مزید خراب ہوں گے۔ن لیگی رہنما نے کہا کہ الیکشن جلدی ہونے جارہے ہیں، چاہے جنرل الیکشن ہوں یا بلدیاتی، تحریک عدم اعتماد سے متعلق نتائج جلد عوام کے سامنے ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی سے سیاسی اختلاف ضرور، لیکن ایک دوسرے کے لیے احترام ہے، حکمران ذاتی مفادات چھوڑ کر ملکی مفادات سامنے رکھیں، معاملات حل ہوں گے۔خواجہ محمد آصف نے کہا کہ عمران خان ایسے وقت میں روس گئے جب وہاں جنگ چھڑی ہوئی تھی،حکمران کشکول لے کر جگہ جگہ جا رہے ہیں، قوم کو بھکاری بنا دیا ہے۔خواجہ آصف نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے ساتھ ہمارا سیاسی اختلاف ضرور ہے لیکن ہم ایک دوسرے سے احترام کے ساتھ پیش آتے ہیں، تحریک عدم اعتماد کی جو فضا قائم ہورہی ہے اس کے نتائج جلد عوام کے سامنے ہوں گے۔لیگی رہنما نے کہا کہ 4 سال بجلی کا وزیر رہا، نواز شریف کے بنائے ہوئے منصوبے جن میں 2200 میگاواٹ کا ایک منصوبہ اور 1000 میگاواٹ کا دوسرا منصوبہ اب تکمیل کے مراحل میں ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا کوئی حمایتی بتائے کہ اس نے کونسے نئے منصوبے بنائے ہیں؟ عمران خان ایسے وقت روس گئے جب وہاں جنگ چھڑی ہوئی تھی، اس سے اقوام عالم پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان پاکستان کی افلاس زدہ عوام کے لیے روس سے کیا لے کر آئے اور اب نیشنل بینک آف پاکستان کو بھاری جرمانے ہوئے ہیں، ہمارے دوست ممالک جو ہماری آواز کے منتظر رہتے تھے اب پہلو چھڑا رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں