کورونا، بلوچستان حکومت کے اقدامات تسلی بخش ہیں، عارف علوی

کوئٹہ:صدر مملکت پاکستان ڈاکٹرعارف الرحمن علوی ایک روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچ گئے ہیں۔کوئٹہ ائیرپورٹ پر گورنرجسٹس(ر) امان اللہ یاسین زئی اور وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے صدر کااستقبال کیا۔اس موقع پر صدر مملکت کے ہمراہ وفاقی وزیر داخلہ سید اعجاز شاہ، وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری، چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل بھی تھے۔بعدازاں صدر مملکت ڈاکٹر عارف الرحمن علوی کی زیر صدارت بلوچستان میں کورونا وائرس کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے اعلیٰ سطحی اجلاس شروع ہوا اجلاس میں گورنر جسٹس (ریٹائرڈ)امان اللہ خان یاسین زئی، وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان، وفاقی وزیر داخلہ سید اعجاز شاہ، وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری، چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل،کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹنٹ جنرل وسیم اشرف،صوبائی وزراء میر ظہور احمد بلیدی،انجینئر زمرک خان اچکزئی،چیف سیکرٹری بلوچستان کیپٹن (ریٹائرڈ)فضیل اصغر سمیت دیگر اعلی حکام شریک تھی۔اجلاس کے موقع پرچیف سیکرٹری بلوچستان نے صدر مملکت کو بلوچستان میں کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے صوبائی حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات پر بریفنگ دی۔اجلاس سے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹرعارف الرحمن علوی نے کہاکہ کورونا وائرس ایک عالمی وباء ہے اس سلسلے میں کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومتیں مربوط لائحہ عمل کے تسلسل کو قائم رکھیں،بلوچستان میں کورونا وائرس سے متعلق کئے گئے اقدامات کو تسلی بخش قراردیتے ہوئے صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہاکہ لاک ڈاؤن سے بڑے پیمانے پر غریب عوام متاثر ہوئی ہے اس سلسلے میں ان کی معاونت کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں۔


