فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ اسی مہینے محفوظ ہو جائے گا،اکبر ایس بابر

اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) فارن فنڈنگ کیس میں درخواست گزار اکبر ایس بابر کا کہنا ہے کہ اسی مہینے اس کیس کا فیصلہ محفوظ ہوجائے گا۔

الیکشن کمیشن کے باہر اکبر ایس بابر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج پی ٹی آئی نے حتمی دلائل کی ابتدا کی ہے، پی ٹی آئی نے اپنے دلائل کو اگلی پیشی میں دینے کی درخواست کی، امید ہے 19 اپریل کو وہ اپنے دلائل مکمل کرلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ 11 اکاؤنٹ میں سے دو اکاؤنٹ کے دستاویزی ثبوت آگئے ہیں، دسمبر 2012 میں تحریک انصاف یہ اکاؤنٹ آپریٹ کررہی تھی، تحریک انصاف نے سراسر جھوٹ بولا، پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن کو گمراہ کرنے کی کوشش کی۔ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے سینٹرل فنانس بورڈ نے چار ملازمین کو پیسے جمع کرنے کا کہا، چار خفیہ اکاؤنٹ میں ہنڈی اور دیگر ذرائع سے پیسہ آیا، ملازمین کے ذاتی اکاؤنٹ میں پیسہ آیا پھر اس کو چیک کے ذریعے نکالا گیا۔

اکبر ایس بابر نے کہا کہ ایف آئی اے پی ٹی آئی کے خفیہ اکاؤنٹ کی تحقیقات کرے، ملازمین کے اکاؤنٹ کو ڈونیشن کے لئے استعمال کیا گیا۔درخواست گزار اکبر ایس بابر کا کہنا تھا کہ عمران خان کو 100 سال بھی دے دیں تو کامیاب نہیں ہوسکتا، پاکستانی معاشرے کے لیے اس سے زیادہ تباہ کن شخص کون ہوسکتا ہے، ہم پاکستان کے لیے لڑ رہے ہیں، عمران خان پاکستان سے لڑ رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں