نوکنڈی و چاغی واقعات کی جوڈیشل انکوائری کرائی جائے، نیشنل پارٹی

کوئٹہ (انتخاب نیوز) نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماؤں نے کہا کہ نوکنڈی میں فورسز نے معصوم بلوچ نوجوانوں پر فائرنگ سے آگ برسائی اور قیمتی جانوں کو اپنے غیض و غصب اور ظالمانہ اقدام کا نشانہ بنایا ہے۔اور سیکورٹی فورسز کی خونزیری یہاں نہ رکی اور چاغی میں پرامن احتجاج پر بھی عوام کو خون میں نہلا دیا دونوں واقعات کی جتنی مذمت کیجائے کم ہے۔ان خیالات کا اظہار نیشنل پارٹی کے ممبران مرکزی کمیٹی نیاز بلوچ ستار بلوچ صوبائی ترجمان علی احمد لانگو ممبر ورکنگ کمیٹی قیوم سجن سینئر اراکین کامریڈ غفار قمبرانی ملک عبدالرحمن بنگلزئی عالم جان بنگلزئی نے ٹراما سینٹر میں نوکنڈی و چاغی کے زخمیوں کی عیادت کرتے ہوئے اظہار خیال کیا۔رہنماوں نے کہا کہ حالیہ واقعات بھی بلوچستان میں ستر سالہ ناانصافیوں و ظلم اور سیاسی معاشی سماجی اور خونی زیادتیوں کا تسلسل ہے۔انہوں نے کہا کہ حکمران بلوچ وسائل ریکوڈک سنیدک اور گودار پر معاہدے کرتے تو ہیں لیکن ریکوڈک سیندک گوادر کے مالک بلوچ قوم کو خونی لاشیں دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بارڈر ٹریڈ پر سیکورٹی فورسز بھتہ خوری کے ذریعے بے پناہی کمائی کررہے ہیں۔اور یہ کمائی غریب طبقہ کی تذلیل،تشدد اور قتل وغارت سے ہورہی ہے۔جو کہ مکمل طور پرمنفی اقدام ہے۔انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی نے ہمیشہ کہا ہے کہ بلوچستان میں سیاسی مذکرات کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ بندوق اور طاقت مسائل کے حل نہیں بلکہ بگاڑ کا باعث بنتا ہے۔انہوں نے کہا کہ نوکنڈی و چاغی واقعات کی جوڈیشل انکوائری کرائی جائے کیونکہ صاف وشفاف انکوائری ہی معصوم بلوچوں کے خون کو انصاف فراہم کرسکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں