جامعہ بلوچستان کے اساتذہ اور ملازمین کا مطالبات کے حق میں سریاب روڈ پر احتجاجی دھرنا

کوئٹہ (انتخاب نیوز) جوائنٹ ایکشن کمیٹی یونیورسٹی آف بلوچستان ٹیچرز، آفیسرز اور ایمپلائز ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام جامعہ کے اساتذہ کرام، آفیسران اور ملازمین کو درپیش مسائل جس میں مکمل تنخواہوں کی بروقت ادائیگی بشمول اضافہ شدہ 44فیصد ہاوس ریکوزیشن، اردلی الاونس،یوٹیلٹی الاونس،25فیصد ڈسپیریٹی الاؤنس، ہاوس بلڈنگ ایڈوانس، ریٹائرڈ اساتذہ، آفیسرز اور ملازمین کی پینشنز کی بروقت ادائیگی، بائیومیٹرک حاضری، آفیسرز اور ملازمین کے پروموشن، ٹائم سکیل سمیت دیگر درپیش مسائل کے حل کیلئے پچھلے 32دنوں اور 17ویں رمضان میں بھی اپنے جائز حقوق کے لئے احتجاجی ریلی آرٹس بلاک سے نکالی گئی جو مختلف شعبہ جات سے اور وائس چانسلر سیکرٹریٹ کے سامنے سے ہوتے ہوئے جامعہ بلوچستان کے مین گیٹ کے سامنے سریاب روڈ پر احتجاجی دھرنے میں تبدیل ہوا جس میں ہزاروں اساتذہ، آفیسرز اور ملازمین نے شرکت کی احتجاجی دھرنے سے پروفیسر ڈاکٹر کلیم اللہ بڑیچ، شاھ علی بگٹی، نذیر احمد لہڑی، پروفیسر فرید خان اچکزئی، عبدالباقی جتک، ڈاکٹر عابدہ بلوچ، پروفیسر عبدالمالک اچکزئی، حافظ عبدالقیوم، عنایت اللہ بڑیچ، نجیب ترین، قاسم وردگ، علی اکبر مینگل اور دیگر نے خطاب کیا جبکہ حافظ منیر احمد نے تلاوت کلام پاک سے جلسے کا آغاز کیا، اس موقع پرمظاہرین کی جانب سے اپنے مطالبات کے حق میں اور نااہل، تعلیم دشمن یونیورسٹی وائس چانسلر اور یونیورسٹی انتظامیہ کے خلاف شدید نعرہ بازی کی۔ مقررین نے کہاکہ کی جامعہ بلوچستان پر مسلط غیر قانونی وائس چانسلر،پرو وائس، اور ٹریڑار کی مسلسل ہٹ دھرمی اور ملازم کش اور تعلیم دشمن اقدامات نے جامعہ کے ملازمین کو جامعہ بلوچستان کے مین گیٹ کے سامنے سریاب روڈ پر کامیاب دھرنے پر مجبور کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ احتجاج کا یہ سلسلہ جائز مطالبات کے تسلیم ہونے تک جاری رہیگا، انہوں نے کہا کہ صوبے کی تمام سرکاری جامعات کیلئے صوبائی اسمبلی میں پیش کردہ تعلیم دشمن بل کو گورنر سیکرٹریٹ کی طرف سے واپس صوبائی اسمبلی میں مزید غور کے لئے بھیجنے کے عمل کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے توقع کیا کہ جامعات کے اساتذہ، آفیسرز، ملازمین اور طلبا وطالبات خصوصا ممبران صوبائی اسمبلی کی سفارشات کو تسلیم کر کے بل میں شامل کرکے تعلیم وصوبہ دوستی کا ثبوت دیں گے، آج کے احتجاجی دھرنے کو مکمل کوریج دینے پر تمام میڈیا پرسنز کا شکریہ ادا کرتے ہیں جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے جامعہ کے تمام اساتذہ، آفیسرز اور ملازمین سے اپیل کیا کہ کل بروز بدھ کو جامعہ بلوچستان کے آرٹس بلاک سے شروع ہونے والے احتجاجی ریلی اور جامعہ بلوچستان کے مین گیٹ کے سامنے سریاب روڈپر احتجاجی دھرنے میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں شرکت کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں