ملیر پریس کلب کے باہر مظاہرین پر حملہ، فائرنگ، صحافی خوفزدہ
کراچی (انتخاب نیوز) ملیر پریس کلب کے باہر سندھ ترقی پسند پارٹی کے کارکنان کے احتجاج کے دوران مسلح ملزمان کی فائرنگ سے شدید خوف وہراس پھیل گیا اور صحافی پریس کلب کے اندر محصور ہوگئے، پریس کلب کے باہر کھلے عام فائرنگ کے موقع پر پولیس غائب رہی، صحافیوں کو تحفظ فراہم کرنے کےلیے سندھ جرنلسٹس کونسل کے صدر غازی جھنڈیر نے کراچی پولیس چیف سے رابطہ کرتے ہوئے کہا کہ حملے کے موقع پر پولیس کا دور دور تک پتہ نہیں تھا، غازی جھنڈیر نے وزیراعلیٰ سندھ، آئی جی پولیس سے ملزمان کی فوری گرفتاری اور پریس کلب کو سیکیورٹی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ دریں اثناءبن قاسم پولیس نے سندھ ترقی پسند پارٹی ضلع ملیر کے صدر پیر بخش کی مدعیت میں مقدمہ 156/2022درج کرتے ہوئے ملزمان کی تلاش شروع کردی، درج ایف آئی آر کے متن کے مطابق ایس ٹی پی کے سو سے زائد کارکنان پریس کلب کے باہر احتجاج کررہے تھے کہ دو موٹرسائیکلوں پر سوار چار ملزمان نے کارکنان سے تلخ کلامی کی بعدازاں لاٹھیوں، ڈنڈوں سے لیس مزید بیس افراد پہنچ گئے جس کے بعد ملزمان نے حملہ کرکے اچانک فائرنگ کردی جس سے چند کارکنان زخمی ہوگئے۔


