صدارتی نظام کیلئے ریفرنڈم کرانے کے فیصلہ کا اختیار نہیں ،سپریم کورٹ
اسلام آباد (انتخاب نیوز) سپریم کورٹ نے پاکستان میںصدارتی نظام کے نفاذ کیلئے ریفرنڈم کرانے سے متعلق درخواستوں کو نا قابل سماعت قراردے کرخارج کردیا ہے ،عدالت نے ابزرویشن دی ہے کہ سپریم کورٹ کو ملک میں صدارتی نظام کے نفاذ کیلئے ریفرنڈم کرانے کا فیصلہ جاری کرنے کا کوئی اختیار نہیں ہے ،چیف جسٹس عمر عطا بندیال کے تحریرکئے گئے فیصلے میں قرار دیا گیا ہے کہ صدارتی نظام سے متعلق درخواستوں میں سیاسی نوعیت کا سوال اٹھایا گیا ہے،لیکن سیاسی نوعیت سے متعلق سوال پر آئین اور قانون میں کوئی رہنمائی موجود نہیں ہے،آئینی رہنمائی کی عدم موجودگی میں یہ عدالت سیاسی سوال پر فیصلہ جاری کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہے، درخواست گزار اور انکے وکلا سے دو سوال پوچھے گئے تھے،لیکن وہ اس حوالے سے عدالت کو مطمئن نہ کرسکے ،عدالت کے پاس ملک میں سیاسی نظام کی تبدیلی کا فیصلہ دینے کا کوئی اختیار نہیں ہے ،عدالت نے قراردیاہے کہ ان آئینی درخواستوں پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات درست ہیں،فاضل عدالت نے درخواستیں نا قابل سماعت ہونے کی بنا پر خارج کرتے ہوئے نمٹادی ہیں۔


