ملازمین کے 18 نکاتی ڈیمانڈ پر سمجھوتہ نہیں کریں گے، بیوگا

کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلوچستان ایمپلائز اینڈ ورکرز گرینڈ الائنس کے مرکزی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ بیوگا کے 24مارچ کے احتجاج کے دوران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبد القدوس بزنجو، چیف سیکرٹری بلوچستان و دیگر حکومتی اراکین نے بیوگا کے قائدین کے ساتھ مذاکرات میں یہ یقین دہانی کروائی تھی کہ بلوچستان بھر کے سرکاری ملازمین کے حل طلب مسائل بشمول 15فیصد DRA کاوفاق کی طرز پر ادائیگی کویقینی بنایا جائے گا۔ خاص کر وزیر اعلی نے کہا تھا کہ ہمارے قبائلی اور بلوچی روا یات کا تقدس بحال رکھے گے۔ اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے حکومتی مذاکراتی کمیٹی کو ہدایات بھی جاری کی تھیں کہ بیوگا کے قائدین کے ساتھ میٹنگ کر کے فوری طور پر منٹس مرتب کریں۔بیوگا کے قائدین اور حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے درمیان متعدد میٹنگز ہوئیں اور بعد ازاں مذاکراتی کمیٹی کے چیئرمین کی جانب سے محکمہ خزانہ کو وفاق کی طرز پر 15فیصد DRAکی سمری تیار کرنے کا مراسلہ جاری کیا گیا تھا مگر آج محکمہ خزانہ بلوچستان کی جانب سے DRAکی ادائیگی کا جو نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے وہ وزیر اعلیٰ بلوچستان کے احکامات، جاری شدہ منٹس اور قبائلی روایات کی پاسداری کے بالکل برعکس ہے اس نوٹیفکشن کا اجرا حکومت اور سرکاری ملازمین کے درمیان بیورو کریسی کی جانب سے انارکی اور اختلافات پیدا کرنے کی کوشش ہے جس کی بیوگا پرزور مذمت کرتا ہے۔ پریس ریلیز میں مزید کہا گیا ہے کہ 15فیصد DRAسمیت بیوگا کے دیگر حل طلب مسائل کے بارے میں بہت جلد ایگزیکٹو کونسل کا اجلاس طلب کر کے آئندہ کا لائحہ عمل مرتب کیا جائیگا۔ بیان میں وزیر اعلی بلوچستان میر عبد القدوس بزنجو سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ فوری طور پر طے شدہ معاہدے اور جاری شدہ منٹس کے مطابق وفاق کی طرز پر محکمہ خزانہ کے جاری شدہ نوٹیفکیشن میں ترمیم کریں تاکہ بلوچستان بھر کے ملازمین میں پائی جانے والی تشویش ختم ہوسکے ۔پریس ریلیز میں اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ بیوگا بلوچستان بھر کے ملازمین کے 18 نکاتی ڈیمانڈ پر کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔اور اس کے حل کے لئے کبھی بھی کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں