دولت مشترکہ ممالک ملکہ برطانیہ کو ریاست کا سربراہ رکھنے کا فیصلہ خود کریں،شہزادہ چارلس

کیگالی (مانیٹرنگ ڈیسک) برطانیہ کے شہزادہ چارلس نے دولت مشترکہ میں شامل ممالک کے رہنماؤں سے کہا ہے کہ ملکہ برطانیہ کو اپنی ریاست کا سربراہ برقرار رکھنے سے متعلق ہر رکن ملک خود فیصلہ کرنے کے لیے آزاد ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق شہزادہ چارلس نے یہ بات افریقی ملک روانڈا میں ہونے والی دولت مشترکہ ممالک کے صدور اور وزرائے اعظم کی سمٹ کی افتتاحی تقریب میں کہی۔انہوں نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ یہ بنیادی تبدیلیاں بہت سکون کے ساتھ بغیر کسی تلخی کے عمل میں لائی جاسکتی ہیں۔شہزادہ چارلس دولت مشترکہ میں شامل ممالک کے سربراہان کی سمٹ میں ملکہ برطانیہ کی نمائندگی کے لیے موجود ہیں۔افتتاحی تقریب میں اپنے خطاب کے دوران شہزادہ چارلس نے کہا کہ میں واضح طور پر کہنا چاہتا ہوں کہ ہر رکن ملک اپنے ملک کے آئینی انتظام کا فیصلہ کرسکتا ہے۔چاہے دولت مشترکہ کا کوئی رکن ملک بحیثیت جمہوری ریاست آئینی معاملات چلانا چاہے یا شاہی نظام کے تحت، وہ یہ فیصلہ خود کرسکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں