امریکی جواب کا جائزہ جاری ہے، ثالثوں کے ذریعے واشنگٹن کو جواب دیا جائے گا، ایران
تہران (مانیٹرنگ ڈیسک)ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے مزید کہا کہ وہ آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے سے متعلق اپنی تجویز پر امریکا کے جواب کا جائزہ لے رہا ہے اور یہ عمل مکمل ہونے کے بعد ثالثوں کے ذریعے واشنگٹن کو جواب دیا جائے گا۔ تہران کو امریکی جواب موصول ہونے کے بعد اس کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق جائزہ مکمل ہونے پر ایران اپنا ردعمل ثالثوں کے ذریعے امریکا تک پہنچائے گا۔ ایران اور متعلقہ فریقوں کے درمیان ثالثوں کے ذریعے پیغامات کا تبادلہ بدستور جاری ہے، تاہم انہوں نے اس رابطے کی تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔ آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کے معاملے پر سفارتی رابطے ابھی جاری ہیں، تاہم تہران کے حتمی جواب اور مذاکرات کے ممکنہ نتائج کے بارے میں فی الحال کوئی تفصیل سامنے نہیں آئی۔آبنائے ہرمز عالمی تیل کی ترسیل کے لیے ایک اہم بحری گزرگاہ ہے، اس لیے اسے دوبارہ کھولنے سے متعلق کسی بھی پیش رفت پر عالمی توانائی کی منڈیوں اور خطے کی صورت حال پر اثر پڑ سکتا ہے۔


