امریکا نے ڈبلیو ایچ اوکی فنڈنگ کیلیے جرمنی کی اپیل مسترد کردی
واشنگٹن:امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے میں ناکام رہنے پر عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او)کو مالی امداد فراہم کرنے سے متعلق جرمنی کی درخواست مسترد کردی ہے اورکہاہے کہ عالمی ادارہ صحت کرونا کی وبا روکنے کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے میں بری طرح ناکام رہا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق امریکی وزیرخارجہ پومپیو نے اپنے جرمن ہم منصب ہیکو ماس کے اس خط کا جواب دیا جس میں انہوں نے امریکا پر زور دیا تھا کہ وہ فنڈز منجمد ہونے کے باوجود کرونا کا مقابلہ کرنے کے لیے بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے عالمی ادارہ صحت کی مدد کرے۔پومپیو نے کہا کہ جنیوا میں مقیم ایجنسی کی طویل عرصے سے غلطیاں کرنے کے باوجود امریکا نے اس کی مدد کی۔ گذشتہ برسوں میں امریکا ڈبلیو ایچ او کو سب سے زیادہ فنڈز فراہم کرتا رہا ہیرہا ہے۔ اس ادارے نے چین کے کمیونسٹ نظام کے ساتھ ساز باز کیا جس کے نتیجے میں کرونا وبا پوری دنیا میں پھیل گئی۔پومپیو نے مزید کہا کہ امریکا ڈبلیو ایچ اوکی کارکردگی، شفافیت اور احتساب میں خصوصی دلچسپی ظاہر کررہا ہے۔ ہمیں ایک طاقتور بیوروکریٹک تنظیم کی نہیں بلکہ موثر اور قابل اعتماد عالمی اداروں کی ضرورت ہے۔جرمن وزارت خارجہ نے ماس اور پومپیو کے مابین خطوط کے تبادلے کی تصدیق کی، لیکن اس حوالے سے مزید تفصیلات فراہم کرنے سے انکار کردیا۔ برلن میں امریکی سفارتخانے نے بھی سفارتی خط و کتابت پر تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔