تمام کوششیں عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہونی چاہئیں،وزیر اعظم

اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ تمام کوششیں عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہونی چاہئیں،مختلف شعبوں کو دی جانے والی سبسڈی کے عمل کی کڑی نگرانی کی ضرورت ہے،موجودہ اقتصادی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے‘آؤٹ آف دی باکس’حل نکالنے ہوں گے۔ جمعہ کو وزیرِاعظم عمران خان کی زیرصدارت کورونا وائرس کے معاشی اثرات سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا، جس میں وزارت خزانہ کی جانب سے رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں معاشی اعشاریوں اور کورونا وائرس کے معیشت پر پڑنے والے اثرات پر بریفنگ دی گئی، جبکہ حکومت کی جانب سے ساڑھے 1200 ارب روپے اعلان کردہ معاشی پیکج پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لیا گیا۔کورونا وائرس کی صورتحال کے دوران اقتصادی ریلیف فراہم کرنے پر وزارت خزانہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مختلف شعبوں کو دی جانے والی سبسڈی کے عمل کی کڑی نگرانی کی ضرورت ہے، موجودہ اقتصادی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے‘آؤٹ آف دی باکس’حل نکالنے ہوں گے، حکومت کی تمام کوششیں عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہونی چاہئیں۔انہوں نے کہاکہ چھوٹے کاروبار اور زراعت کے شعبے پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے، چھوٹے کاروبار اور زرعی شعبے کو نوکریاں پیدا کرنے کے قابل بنایا جائے، پی ایس ڈی پی میں منصوبوں کے آغاز سے زیادہ بروقت تکمیل پر توجہ دی جائے، ترقیاتی منصوبوں میں پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ ماڈل اپنانے کی ضرورت ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں