ترکی نے سویڈن اور فن لینڈ کو نیٹو میں شمولیت معطل کرنے کی دھمکی دیدی

انقرہ (مانیٹرنگ ڈیسک) ترک صدر رجب طیب اردوان نے سویڈن اور فن لینڈ کو انسداد دہشت گردی سے متعلق وعدوں پر عمل نہ کرنے پر ان کی نیٹو میں شمولیت کے عمل کو معطل کرنے کی دھمکی دیدی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ سویڈن اور فن لینڈکو یاد دلانا چاہتے ہیں کہ اگر وہ ہماری شرائط کو پورا کرنے کیلئے ضروری اقدامات نہیں کرتے تو ہم ان کی نیٹو میں شمولیت کے عمل کو منجمد کر دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ سویڈن اس حوالے سے اپنا تاثر اچھا نہیں پیش کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا موقف بالکل واضح ہے باقی ان پر منحصر ہے کہ وہ کئے گئے وعدوں کی پاسداری کرتے ہیں یا نہیں۔ واضح رہے کہ نیٹو کے 30رکن ممالک نے جولائی کے شروع میں سویڈن اور فن لینڈ کیلئے الحاق پروٹوکول پر دستخط کئے، دونوں ممالک کو فوجی اتحاد میں شامل کرنے کا عمل شروع کیا گیاجس کااگلا مرحلہ نیٹو کے تمام ارکان کی پارلیمنٹ کیلئے نیٹو کیساتھ الحاق کی توثیق کرنا ہے۔28جون کو ترکیہ، سویڈن اور فن لینڈ نے ایک مفاہمت کی یادداشت پر اتفاق کیاجس میں، فن لینڈ اور سویڈن نے شدت پسندی کیخلاف ترکی کی لڑائی میں تعاون کرنے کا عہد کیا اور ترکی کی شدت پسندی کے مشتبہ افراد کی ملک بدری یا حوالگی کی زیر التواء درخواستوں کو جلد اور مکمل طور پر حل کرنے پر اتفاق کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں