روپے کی تاریخی بے قدری ڈالر224روپے کا ہوگیا

کراچی (آئی این پی) انٹر بینک میں ڈالر 8.01 روپے اضافے سے 224 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔ملک میں حالیہ سیاسی بے یقینی نے روپے کی قدر کو تاریخی تنزلی کی جانب دھکیل دیا ہے۔ گزشتہ روز سے ملک کی کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر مسلسل بڑھ رہی ہے اور پاکستانی روپیہ ملکی تاریخی کی پست ترین سطح پر جاپہنچا۔ منگل کے روز انٹر بینک میں صرف چند گھنٹوں کے دوران ڈالر 8.20 روپے کے اضافے سے 224 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔ دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر 7 روپے 50 پیسے بڑھ کر 223 روپے سے زائد ہے۔ روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں ریکارڈ اضافے،غیر یقینی سیاسی حالات اورخراب معاشی پس منظر کے باعث پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں منگل کو اتار چڑھاؤ کے بعد مندی کے بادل چھائے رہے جس سے انڈیکس کی 41000پوائنٹس کی سطح بھی گر گیا۔ مندی کے سبب 84فیصد حصص کی قیمتیں گرگئیں جبکہ سرمایہ کاروں کے مزید 1کھرب 37ارب روپے سے زائد ڈوب گئے۔ ماہرین اسٹاک کا کہنا ہے کہ سیاسی غیر یقینی اور پنجاب میں نئی حکومت سازی بھی سرمایہ کاروں کے اعتماد کو متاثر کر رہی ہے۔ کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 978.04 پوائنٹس کی کمی سے 40389.07پوائنٹس کی سطح پر بند ہو۔ ملک میں ایک تولہ سونے کی قیمت میں بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔سندھ صرافہ بازار جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کی فی تولہ قیمت 2800 روپے اضافے کے بعد ایک لاکھ 45 ہزار 200 روپے ہوگئی۔ ایسوسی ایشن کے مطابق 10 گرام سونا 2400 روپے اضافے سے ایک لاکھ 24 ہزار 485 روپے کا ہوگیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں