رانیل وکرما سنگھے سری لنکا کے نئے صدر منتخب ہوگئے

کولمبو(مانیٹرنگ ڈیسک)قائم مقام صدر رانیل وکرما سنگھے سری لنکا کے نئے صدر منتخب ہوگئے ہیں, انہوں نے مخالف پارٹی کے امیدوار دلس الہاپروما کو شکست دیتے ہوئے 182 ووٹ حاصل کیئے جبکہ دل الہاوما 82 ایم پی ایز کی حمایت حاصل کر سکے۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق سری لنکا کی پارلیمنٹ میں ارکان نے نئے صدر کے انتخاب کے لئے ووٹ ڈالے۔ قائم مقام صدر وکرما سنگھے سمیت تین امیدوار صدارت کی دوڑ میں شامل تھے۔صدارتی انتخاب کے لئے پارلیمنٹ کے اطراف سیکورٹی انتہائی سخت کردی گئی تھی اورہزاروں سیکورٹی اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا۔ سیکڑوں مظاہرین پارلیمنٹ کے باہر جمع ہوئے۔قائم مقام صدر رانیل وکرما سنگھے چھ مرتبہ سری لنکا کے وزیراعظم رہ چکے ہیں۔انہوں نے گزشتہ دنوں صدر گوٹابایا راجا پاکسے کے ملک سے جانے کے بعد قائم مقام صدر کا عہدہ سنبھالا تھا۔ بدترین معاشی بحران کے نتیجے میں عوامی احتجاج اورمظاہروں کے باعث سابق صدر ملک چھوڑ گئے تھے۔سری لنکا گذشتہ کئی مہینوں سے شدید اقتصادی اور سیاسی بحران کا شکار ہے۔ ملک میں خوراک، ایند ھن اور ادویات سمیت دیگر ضروری اشیا کی شدید قلت ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں