بسیمہ ،پٹرول مافیا نے پٹرول کی مصنوعی قلت پیدا کر کے یہاں کے عوام کو شدید مشکلات میں مبتلاءکردیا ہے۔بی این پی
بسیمہ (نامہ نگار)بلوچستان نیشنل پارٹی تحصیل بیسیمہ کے ترجمان نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ بیسیمہ میں پچھلے تقریباً ایک ہفتے سے پٹرول مافیا نے پٹرول کی مصنوعی قلت پیدا کر کے یہاں کے عوام کو شدید مشکلات میں مبتلاءکردیا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ ایمرجنسی میں بھی بیسیمہ بازار میں پٹرول دستیاب نہیں اور لوگوں کو اپنے دفاتر ، بچوں کی اسکول تک پہنچنے ،مریضوں کو ہسپتالوں تک آنے سمیت اپنے دیگر روز مرہ کے کاروبار تک پہنچنے میں انتہائی مشکلات درپیش ہیں۔ مگر ابھی تک اس مصنوعی بحران پر عملی اقدام نہیں اٹھایا جارہا ہے۔بیسیمہ انتظامیہ نے مہنگے داموں پٹرول فروخت کرنے پر بیسیمہ بازار میں قائم منی پٹرول پمپس کو سیل کردیا۔ مگر اس سلسلے میں عوام کو متبادل زریعے سے پٹرول فراہم نہیں کیا جارہا۔اس سے پٹرول مافیا کی اور چاندی ہوگئی کہ وہ گلی کوچوں میں پٹرول ڈھائی سو روپے سے تین سو روپے میں فروخت کررہے ہیں۔ جس کی وجہ سے عوام شدید مشکلات و پریشانی کا سامنا کر رہا ہے۔ اس حوالے سے انہوں نے چئیرمین پرائیس کنٹرول کمیٹی/ اسسٹنٹ کمشنر بیسیمہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ وہ منی پٹرول پمپس مالکان کو بلاکر انہیں پابند کریں کہ وہ عوام کو مناسب داموں پٹرول کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔


