دکی، ڈی ای او تعلیم کی تعیناتی کی خوشی میں ہوائی فائرنگ، شہریوں میں خوف و ہراس
دکی (انتخاب نیوز) معصوم خان لونی کے ڈی ای او تعلیم تعیناتی کی خوشی میں اساتذہ کے ایک دھڑے نے ایجوکیشن آفس میں اچانک اندھا دھند ہوائی فائرنگ شروع کی۔ ہوائی فائرنگ کی وجہ سے شہر میں خوف وہراس پھیل گیا۔ ہوائی فائرنگ پر پابندی کے احکامات محکمہ تعلیم نے ہوا میں اڑا دئیے۔معصوم خان لونی کے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر دکی تعینات ہونے کی خوشی اور چارج سنبھالنے کے موقع پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفس میں اساتذہ کے ایک گروپ نے ہوائی فائرنگ کرکے جشن منایا۔ اچانک ہوائی فائرنگ سے شہریوں میں خوف وہراس پھیل گیا تاہم معلومات کرنے پر معلوم ہوا کہ ایجوکیشن آفس میں ڈی ای او کی تعیناتی کی خوشی میں ہوائی فائرنگ کی گئی ہے ہوائی فائرنگ کے وقت ڈی ای او ایجوکیشن معصوم خان لونی خود بھی موجود تھے۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفسیر کی سیٹ پر چند دنوں کے دوران دوبار تعیناتی ہوئی۔ عوامی حلقوں نے کہا کہ پولیس نے گزشتہ روز شادی کی تقریب میں غریب آباد میں ہوائی فائرنگ کرنے پر مقدمہ درج کرلیا تھا۔ اب پولیس اور ایس پی کا امتحان ہے کہ وہ سرکاری آفس میں ہونے والی فائرنگ کی ایف آئی آر درج کرتے ہیں یا نہیں۔


