افغانستان سے آئے 250 سے زائد افراد کو بلا جواز گرفتارکیا گیا، پشتونخوا میپ

کوئٹہ (انتخاب نیوز) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی پریس ریلیز میں ضلع شیرانی کے علاقے میں تقریباً 250سے زائد افراد کو بلاجواز گرفتار کرکے تھانے میں بند کرنے کے واقعہ کو انتہائی افسوسناک اور پشتون روایات واقدار کے خلاف عمل قرار دیاگیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ27جولائی شادی کی تقریب کے سلسلے میں افغانستان کی جانب سے آنیوالے دولہا اور تقریباً 250سے زائد باراتیوں کو ضلع شیرانی وژب کے انتظامیہ نے گرفتار کرکے تھانے میں بند کردیا گیا جس میں دلہن وخواتین اور بچے بھی شامل تھے جوکہ پشاور اپنے گھر جارہے تھے۔ ان میں اکثریت جن کے پاس افغان مہاجر کارڈ بھی موجود تھے لیکن اس کے باوجود انہیں بلاجواز گرفتار کرکے حبس بیجا میں رکھا گیا اور انہیں تمام تر انسانی بنیادی سہولیات وخوراک وادوئیات سے محروم رکھا گیا ہے حالانکہ ان میں ایک خاتون کینسر کی مریضہ ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ پشتونخوامیپ ہمیشہ سے یہ واضح کرتی چلی آرہی ہے کہ صدیوں سے آباد ڈیورنڈ لائن کے دونوں اطراف کے پشتون افغان عوام کو محض خاردار تار یا لکیر کھینچنے پر علیحدہ نہیں رکھا جاسکتا۔ کیونکہ یہ دونوں طرف آباد ہیں ان کے گھر، مساجد، قبرستان، زمینداری، رشتہ داریاں ڈیورنڈ لائن کے دونوں اطراف موجود ہیں اس کے باوجود ڈیورنڈ لائن اور مذکورہ پوائنٹس پر عوام کی آمدورفت،جائز تجارت وکاروبار پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں جو کہ قابل افسوس اور قابل گرفت عمل ہے۔ پشتونخواملی عوامی پارٹی مطالبہ کرتی ہے کہ اس پشتون دشمن، انسانیت دشمن اقدام میں ملوث سیکورٹی فورسز کے آفیسروں واہلکاروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے گرفتارجوڑے ودیگر بااتیوں کو فی الفور باعزت طریقے سے رہا کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں