ڈیرہ مراد جمالی میں طبی سہولیات ناپید، سانپ کے ڈسنے سے خاتون چل بسی
ڈیرہ مراد جمالی (انتخاب نیوز) تحصیل بابا کوٹ کے سیلاب زدہ علاقے یونین کونسل کوٹ پلیانی میں میڈیکل کیمپ نہ ہونے کے باعث زہریلے سانپ کے ڈسنے سے خاتون زوجہ شمن علی چنجنی موقع پر جاں بحق ہوگئی۔ متاثرین نے حکومت بلوچستان اور کمشنر نصیرآباد سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ دس دن گزر گئے مگر آج تک ہماری کوئی بھی مدد نہیں کی گئی، سیلابی پانی کی وجہ سے ہماری زندگی دن بدن مشکلات کا شکار ہوتی جاری ہے، ہمیں آج تک حکومت کی جانب سے پوری یونین کونسل کوٹ پلیانی کے متاثرین کو ایک ٹینٹ یا راشن کا ایک بیگ تک نہیں ملا۔ دوسری جانب سے زہریلے سانپوں سے بھی شدید خطرہ ہے۔ سیلاب کی وجہ سے ابھی بھی سینکڑوں گاؤں کے مکین پانی میں پھنسے ہوئے ہیں اور زمینی راستہ بھی مکمل طور پر منقطع ہوچکا ہے جبکہ علاقے میں ڈائریا اور جلد کی بیماری سمیت سانپ کے کاٹے کے کیسز بھی بڑھ رہے ہیں، میڈیکل کیمپ نہ ہونے سے لوگ ہسپتال پہنچنے سے قبل ہی ہلاک ہو جاتے ہیں۔ متاثرین نے اس حوالے سے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی سامان، راشن، ٹینٹ کھانے پینے کی اشیا سمیت میڈیکل کیمپ کا بھی انعقاد کیا جائے۔


