متحدہ عرب امارات میں گردوغبارکا طوفان، پروازوں کا شیڈول متاثر
ابوظہبی (مانیٹرنگ ڈیسک) متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں گردو غبار کے طوفان کے باعث بیشتر ریاستوں میں حدنگاہ متاثرہ ہوئی ہے جس کے باعث متعدد پروازیں اتر نہیں سکیں اور پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ابوظبی، دبئی اور شارجہ ایئر پورٹ پر حد نگاہ متاثر ہونے سے کئی فلائٹس اتر نہیں سکیں۔ حدنگاہ متاثر ہونے کے باعث پروازوں کا رخ قریبی ریاستوں کی طرف موڑ دیا گیا، حد نگاہ کم ہونے سے فلائٹ شیڈول بھی متاثر ہوا ہے جس کے باعث پاکستان آنے والی پروازیں بھی تاخیر کا شکار ہیں۔ دبئی سے اسلام آباد اور کراچی کی فلائٹس بھی تاخیر کا شکار ہیں، دبئی سے اسلام آباد جانے والی پرواز میں 200 سے زائد مسافر سوار ہیں۔ متحدہ عرب امارات کے محکمہ موسمیات کے مطابق ابوظبی ایئر پورٹ پر 40 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، تیز ہواﺅں کی وجہ سے حدنگاہ 500 میٹر سے بھی کم ہوگئی۔ دوسری جانب شارجہ کے کئی علاقوں اور ریاست راس الخیمہ میں بارش ہورہی ہے جبکہ ابوظبی کے شہر العین اور ریاست فجیرہ میں رات میں بارش کا امکان ہے۔


