کاسنی دائرہ نوجوان خواتین کی قائدانہ کردار کی ترویج کا پروگرام ہے، احمد نواز بلوچ
کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلوچستان اسمبلی کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے سماجی بہبود یوتھ افیئرز و وومن ڈویلپمنٹ ڈپارٹمنٹ و بی این پی کے مرکزی سیکرٹری ہیومن رائٹس میر احمد نواز بلوچ نے کہا ہے کہ نوجوان نسل کو سیاسی عمل کا حصہ بن کر متحرک کردار ادا کرنا چاہیے، عوامی خواہشات کی آئینہ دار نظریاتی سیاست ایک محنت طلب کام ہے اور سیاسی عمل میں واضح وژن رکھنے والے وسیع النظر افراد ہی کامیابی سے ہم کنار ہوتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو فورم فار ڈگنیٹی انیشیٹیوز پاکستان کے زیر اہتمام چھے روزہ کاسنی دائرہ تربیت کی اختتامی تقریب سے بحیثیت مہمان خاص خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایف ڈی آئی پاکستان کی سربراہ عظمیٰ یعقوب نے پروگرام کے اغراض ومقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ کاسنی دائرہ نوجوان خواتین کی بامعنی اور سیاسی شمولیت اور قائدانہ کردار کی ترویج کا پروگرام ہے، جس کا آغاز 2019ء میں کیا گیا اور ہر سال یہ تسلسل کے ساتھ جاری ہے۔ کاسنی دائرہ کا مقصد نوجوان خواتین اور خواجہ سرا افراد کی تربیت کرنا ہے، تا کہ وہ اپنے سیاسی اور جمہوری حقوق سمجھ سکیں اور اس تربیت کو بروئے کار لاتے ہوئے عملی سیاست میں حصہ لے سکیں، کاسنی دائرہ کے پلیٹ فارم سے ایف ڈی آئی کا اہم مطالبہ 18 سے 24 سال کی عمر کی خواتین کے لیے کم از کم 2 فیصد کوٹہ مختص کرنا ہے تا کہ وہ مقامی، صوبائی اور قومی حکومتوں میں فیصلہ سازی میں شامل ہو کر نوجوان خواتین اور کمزور طبقوں کے حقوق کا تحفظ کرسکیں۔ میر احمد نواز بلوچ نے کہا کہ سیا سی ایوانوں میں نوجوانوں کی شمولیت کا مطالبہ قابل غور ہے، ہماری جماعت نوجوانوں کو فرنٹ پولیٹیکل لائن میں رکھنے کی حامی ہے اور ہم سیاسی عمل میں نوجوانوں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ کاسنی دائرہ کی جانب سے نوجوانوں کی پارلیمانی شمولیت کے مطالبات پر ایوان میں آواز اٹھائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سیاست شعوری آگاہی کا ایک سنجیدہ عمل ہے اور ایک سیاسی عمل کا حصہ رہتے ہوئے پارلیمنٹ میں نمائندگی ایک کارکن کے لئے اعزاز کی بات ہوتی ہے ایوان میں پہنچ کر عوامی فلاح کا جذبہ اور اپنے حلقے کے عوام سے جڑے رہنا ہی ایک سیاسی کارکن کی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو سیاسی عمل میں آگے بڑھ کر علاقے اپنی کمیونٹی اور صوبے و ملک کے لئے اپنی صلاحیتیں بروئے کار لانا ہونگی اس موقع پر ایف ڈی آئی کی ماسٹر ٹرینر مریم پروگرام ایسوسی ایٹ زینب جمیل اور شایان عمرانہ گل نے کاسنی دائرہ کی چھے روزہ تربیتی ورکشاپ سے متعلق شرکا کی تجاویز اور چارٹر آف ڈیمانڈ سے متعلق خلاصہ پیش کیا۔


