افریقہ سے دوا سازی صنعت کے خام مال کے پہلے کنٹینر کی گوادر آمد

گوادر (انتخاب نیوز) دواسازی صنعت کے لیے افریقہ سے خام مال کے پہلے کنٹینر کی گوادر آمد،پاکستان کے فارما سیوٹیکل انڈسٹری اور چین کے مابین دواسازی صنعت کے قیام کے لیے پہلا قدم قرار دیا جارہاہے،چینی کمپنی ہین گنگ ایگریکلچرل گروپ نے گوادر میں دواسازی کے لئے افریقہ سے خام مال گوادر پورٹ کے ذریعے منگوایا جس کا پہلا کنٹینر گوادر پہنچ گیا۔ چینی کمپنی ہین گنگ ایگریکلچرل گروپ کے ذرائع نے بتایا کہ دوا سازی کے خام مال کو گوادر فری زون میں قائم فیکٹری میں پراسس کر کے دوبارہ چین کو برآمد کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ ہین گنگ ایگریکلچرل گروپ کا مقصد پاکستان میں زراعت اور گلہ بانی صنعت کو باضابطہ طور پر مضبوط بنانا ہے اور گروپ پہلے بھی پاکستان کے دیگر شہروں سے زرعی سامان اور مویشیوں کی خریداری کا کام کررہا ہے تاکہ یہاں پر پروسیسنگ اور بعد ازاں انھیں چین کو برآمد کر سکیں۔انہوں نے بتایا کہ گروپ سے گوادر اور ملک کے باقی حصوں میں پاکستانی نوجوانوں کیلئے روزگار کے متعدد مواقع پیدا ہونے کا امکان ہے۔واضح رہے وزیر اعظم شہباز شریف نے ماہ جون میں اپنے دورہ گوادر کے موقع پر گوادر میں ہین گنگ ایگریکلچرل پارک کا سنگ بنیاد رکھا تھا۔ اور ابھی خام مال کے پہلے کنٹینر کی آمد سے پاکستان کے فارما سیوٹیکل پروسیسنگ سیکٹر اور چین کو پاکستان کی برآمدات میں ایک نیا باب کھلے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں