منشیات فروش معاشرے کا ناسور ہیں،آپریشن میں حصلہ لینے والے پولیس ٹیم کیلئے 50 لاکھ روپے کا اعلان ،وزیر اعلیٰ
کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلو چستان میر عبد القدوس بزنجو نے کوئٹہ سٹی نالہ میں منشیات فروشوں کے خلاف آپریشن میں حصہ لینے والی پولیس ٹیم کے لئے 50 لاکھ روپے انعام کا اعلان کر دیا۔ جمعرات کو وزیر اعلیٰ بلو چستان میر عبد القدوس بزنجو نے کوئٹہ سٹی نالہ میں منشیات فروشوں کے خلاف آپریشن پر اطمینان کا اظہار کر تے ہوئے کہا ہے کہ منشیات فروش معاشرے کا ناسور ہیں انہیں کسی قیمت پر معاف نہیں کیا جائے گامنشیات کے مکروہ کاروبار میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔انہوں نے ہدایت کی کہ منشیات فروشوں کے خلاف آپریشن حتمی انجام تک جاری رکھا جائے۔وزیراعلیٰ نے کوئٹہ سمیت صوبے بھر میں زمینوں پر قبضہ میں ملوث عناصر کے خلاف بھی بھرپور کاروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ تمام ڈپٹی کمشنرز محکمہ ریونیو کے تعاون سے اپنے اپنے اضلاع میں زمینوں پر قبضہ میں ملوث افراد اور گروپوں کے خلاف پوری قوت سے کریک ڈاؤن کریں۔انہوں نے کہاکہ سرکاری اراضیات پر قائم تجاوزات اور قبضوں کو واگزار کر اکر روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ مرتب کی جائے۔


