سائفر میں ردوبدل کر کے قومی سلامتی سے کھیلا گیا،شہباز شریف

اسلام آباد (انتخاب نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے قومی اداروں کے خلاف عمران خان کی مہم کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ رنگے ہاتھوں پکڑے جانے والے چور اب اداروں کو بدنام کر کے سزا سے بچنا چاہتے ہیں۔اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ عوام کے بعد سازشی اب اداروں میں انتشار پھیلانے کی سازش کر رہا ہے، سائفر میں ردوبدل کر کے قومی سلامتی سے کھیلا گیا، قانون کا سامنا تو کرنا ہوگا۔شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان کے قومی مفادات سے کھیلنے والوں کو قانون کو جواب دینا پڑے گا، قانون سب کے لیے برابر ہے۔وزیر اعظم کا یہ بھی کہنا ہے کہ مقبول ہونے کا مطلب قانون سے بالا تر ہونا کیسے ہو گیا ، آپ کی آڈیو لیکس نے پاکستان کے مفادات کے خلاف سنگین سازش بے نقاب کر دی۔واضح رہے کہ ٹیکسلا میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیرِ اعظم عمران خان نے سائفر کی موجودگی سے متعلق بتاتے ہوئے کہا کہ سائفر کی ماسٹر کاپی فارن آفس میں موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار کو طاقتور حلقوں نے این آر او کا دلاسہ دیا، اسحاق ڈار کو یہ دلاسہ نہیں دیا جاتا تو وہ کبھی واپس نہیں آسکتا تھا۔پی ٹی آئی چیئرمین نے مزید کہا کہ نواز شریف کرپشن کر کے باہر بھاگ جاتا ہے اور این آر او لے کر واپس آجاتا ہے، اسحاق ڈار نواز شریف سے زیادہ بزدل ہے، اسحاق ڈار کی ٹانگیں کانپتی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں