فزیو تھراپٹس پر جھوٹے مقدمات ختم، ملازمتوں کی سہولیات مہیا کی جائیں، بی این پی

کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی لیبر سیکرٹری موسیٰ بلوچ، سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبر و ضلعی صدر بی این پی کوئٹہ غلام نبی مری، ضلعی جنرل سیکرٹری میر جمال لانگو اور ضلعی انفارمیشن سیکرٹری نسیم جاوید ہزارہ نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں گزشتہ رات گورنر ہاﺅس کے سامنے فزیو تھراپٹس کے پرامن دھرنے پر پولیس کی جانب سے تشدد، گرفتاریاں اور انکے خلاف جھوٹے مقدمات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ فزیو تھراپٹس کیخلاف جھوٹے مقدمات کو فی الفور ختم کرکے ان پر تشدد کرنے والے پولیس اہلکاروں کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔ فزیو تھراپٹس کے مطالبات جائز ہیں، جو گزشتہ 2 سال سے حکومت وقت سے مطالبہ کرتے آرہے ہیں کہ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ سے اسامیاں منظور کروائی جاچکی ہیں لیکن فنانس ڈیپارٹمنٹ انکو رد کرتی آرہی ہے۔ فزیو تھراپٹس کی مطلوبہ اسامیاں ڈسٹرکٹ لیول تک مہیا کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت وقت ارباب اختیار کی یہ ذمہ داری ہے کہ فزیو تھراپٹس کی خدمات کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں ملازمتوں کی سہولیات مہیا کی جائیں جو گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے سراپا احتجاج ہیں، دنیا کے دیگر ممالک میں طب کے شعبے سے وابستہ فزیو تھراپٹس کو ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ میں خدمات سرانجام دینے کا موقع دیا جاتا ہے تاکہ وہ لوگوں کو صحت کے حوالے سے بنیادی سہولیات فراہم کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ فزیو تھراپٹس ڈپلومہ ہولڈر کے ساتھ کئی سال مختلف ہسپتالوں میں پریکٹس کرتے چلے آرہے ہیں لیکن سرکاری ملازمتیں نہ دیکر ان سے روزگار کا حق چھینا جارہا ہے۔ لہٰذا فزو تھراپٹس کے تمام جائز مطالبات کو تسلیم کر کے انہیں سخت احتجاج کر نے پر مجبور نہ کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں