شیخ جراح چھائونی میں تبدیل،خواتین سمیت 10 فلسطینی گرفتار

مقبوضہ بیت المقدس (ویب ڈیسک) اسرائیلی فوج نے مقبوضہ بیت المقدس کے علاقے شیخ جراح کو فوجی چھاؤنی میں تبدیل کردیا۔ یہ اقدامات یہود کے ہاں مقدس سمجھے جانے والے شمعون مقبرے پر حاضری کے دوران کیے گئے۔

خبررساں اداروں کے مطابق اس موقع پر رام اللہ سے بیت حنینا، شعفاط اور فرانسیسی ہل سے شیخ جراح کی طرف آنے والی سڑکوں کو بند کرکے فلسطینیوں کو گھروں تک محدود کردیا گیا۔ اس دوران شرپسند یہود نام نہاد تہوار کے نام پر شوروغل کرکے فلسطینیوں کو طیش دلاتے رہے۔

واضح رہے کہ شیخ جراح کے وسط میں ایک غار ہے، جسے سخت حفاظتی حصار میں رکھا گیا ہے۔ ہر سال یہود وہاں میں تلمودی رسم ادا کرنے کے لیے آتے ہیں۔ اسے شمعون غار بھی کہا جاتا ہے۔1967 ء میں مشرقی بیت المقدس پر قبضے کے بعد سے آباد کاروں نے غار پر قبضہ کر لیا اور اسے ایک عبادت گاہ کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج نے 10 فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا فلسطینیوں کے خلاف تازہ کارروائیاں مغربی کنارے اورمقبوضہ بیت المقدس میں سامنے آئیں۔ قابض فوج نے تمیمی خاندان کے 2افراد کو دیر نظام نامی گائوں سے گرفتار کیا۔ اس کے علاوہ 6فلسطینیوں کو الخلیل، بیت لحم اور قلقلیہ کے مختلف علاقوں سے حراست میں لیا۔ بیت المقدس میں خاتون اور اس کی نوجوان بیٹی دیالی ابو عیاش کو بھی گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں