سعودی ولی عہد اور فرانسیسی صدر میں ٹیلیفونک رابطہ، دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال
ریاض(انتخاب نیوز) سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز اور فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔ دونوں رہنماﺅں نے سعودی عرب اورفرانس کے درمیان سٹریٹجک شراکت داری کے فریم ورک کے اندر دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ سعودی ولی عہد نے کہا کہ فرانسیسی صدر کی جانب سے خطے میں سلامتی اور استحکام کی حمایت کا اعلان اور علاقائی استحکام کو لاحق خطرات کو مسترد کیا جانا قابل ستائش ہے۔ سعودی پریس ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق دونوں رہنماﺅں نے اہم ترین علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا ۔ محمد بن سلمان نے سلامتی اور استحکام کو بڑھانے کے لیے فرانس کی کوششوں کو سراہا۔ دونوں رہنماﺅں نے باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی بات چیت کی۔ دریں اثنا ایلیسی نے بھی اعلان کیا کہ فرانسیسی صدر میکرون نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو فون کیا اور ان خطرات پر تبادلہ خیال کیا جن سے خطے کے استحکام کو خطرہ ہے۔ فرانسیسی صدر اور سعودی ولی عہد نے دونوں ممالک کے درمیان سٹریٹجک پارٹنرشپ کو مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔ دونوں نے فرانس اور سعودی عرب کے درمیان دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا اور اقتصادی تعلقات بالخصوص توانائی کے شعبے میں مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ مزید برآں دونوں نے لبنان کے مسئلہ پر بھی توجہ دی اور فرانسیسی صدر نے اس ملک کی ترقی کے لیے ضروری ساختی اصلاحات کے پروگرام کو عملی جامہ پہنانے کے لیے جلد از جلد صدر منتخب کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ میکرون نے شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ اتفاق کیا کہ لبنان کے عوام کی انسانی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے تعاون جاری رکھنے اور بڑھانے کی ضرورت ہے۔


