پشتون علاقوں میں امن وامان اور ترقی و خوشحالی کیلئے قبائلی تنازعات کا خاتمہ ناگزیر ہے، زمرک اچکزئی

کوئٹہ (نمائندہ انتخاب) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء و صوبائی وزیر خوراک انجینئرزمرک خان اچکزئی نے کہا ہے کہ پشتون علاقوں میں امن وامان کی بحالی اور ترقی و خوشحالی کے لئے قبائلی تنازعات کا خاتمہ ناگزیر ہے کیونکہ قبائلی تنازعات کی وجہ سے علاقے میں ترقی کا سفر جاری نہیں رکھا جاسکتا، اس لئے قبائلی تنازعات کا خاتمہ ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ علماء کرام اور قبائلی عمائدین جہاں جہاں قبائلی تنازعات چل رہے ہیں وہاں پر اپنا کردار ادا کریں آج ہمیں خوشی ہوئی کہ گلستان میں 2 قبیلوں کے درمیان قبائلی تنازعہ خوش اسلوبی سے حل کیا گیا۔ ان خیالات کا اظہار انجینئرزمرک خان اچکزئی نے گلستان میں عبدالرحمان زئی اور شمسوزئی کے دو قبیلوں کے درمیان قبائلی تنازعہ کے تصفیہ کے موقع پر منعقدہ جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر علماء کرام اور قبائلی معتبرین نے بھی خطاب کیا انجینئرزمرک خان اچکزئی نے کہا کہ اگر ہمارے علاقوں میں قبائلی تنازعات کے حل کے لئے تمام علماء کرام‘ قبائلی عمائدین اور مشاران کردار ادا کریں تو تمام تر مسائل حل ہو سکتے ہیں کیونکہ اس وقت قلعہ عبداللہ جیسے پسماندہ علاقے میں جب تک قبائلی تنازعات کا خاتمہ نہیں کیا جاتا اس وقت تک کوئی بھی سیاسی جماعت یا حکومت ترقی کا عمل شروع نہیں کرسکتی اس لئے عوامی نیشنل پارٹی کی کوشش رہی ہے کہ وہ اس میں اپنا کردار ادا کرے کیونکہ ہم باچا خان کے پیروکار ہیں اور ہمیشہ عدم تشدد کی سیاست کرکے ہمارے جیسے پسماندہ علاقوں میں امن و خوشحالی کی بات کی ہے آج ہمیں بہت خوشی محسوس ہوئی کہ گلستان میں 2 قبیلوں کے درمیان ایک بڑا قبائلی تنازعہ حل ہوا انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ قبائلی تنازعات میں کودنے کے بجائے تعلیم حاصل کرنے پر توجہ دیں تاکہ علاقہ تعلیم کے حوالے سے ترقی کر سکے انہوں نے علماء کرام‘ قبائلی عمائدین سے ہمدردانہ اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ قبائلی تنازعات کے خاتمے اور علاقے میں امن ترقی و خوشحالی کے لئے اپنا کردار ادا کریں عوامی نیشنل پارٹی ہر سطح پرتعاون کے لئے تیار ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں