فیفا ورلڈ کپ میں امریکہ سے ایران کی ہار، ایرانی کردستان میں آتش بازی، امریکی فتح کا جشن منایا گیا

تہران (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکہ سے منگل کے روز شکست کے بعد ایران فیفا ورلڈ کپ سے باہر جبکہ اس کا کٹر حریف اگلے مرحلے میں داخل ہوگیا۔ امریکہ سے ایران کی ہار کے بعد ایرانی کردستان صوبے میں آتش بازی کی گئی اور جشن منایا گیا۔ سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ویڈیوز کے مطابق منگل کے روز قطر میں فیفا ورلڈ کپ کے ایک میچ میں امریکہ کے ہاتھوں ایران کی شکست کے بعد ایرانی صوبے کردستان میں جشن منایا گیا۔ سنندج شہر کے ایک محلے میں خوشی اور نعروں اور ہارنوں کی آوزیں سنائی دیں۔ لوگوں نے گھروں سے باہر نکل کر آتش بازیاں بھی کیں۔ خیال رہے کہ 22 سالہ خاتون مہسا امینی کرد تھیں، جن کی اخلاقی پولیس کی حراست میں گزشتہ ستمبر میں موت ہوگئی تھی۔ اس کے بعد سے ہی اسلامی حکومت کیخلاف ملک گیر احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے اور اس کا سب زیادہ زور ایرانی کردستان صوبے میں ہے۔ ایرانی حکومت نے، ان مظاہروں، جسے وہ ‘فسادات’ کہتی ہے، کو کچلنے کے لیے سیکورٹی فورسز تعینات کر رکھے ہیں جبکہ مہسا امینی کے آبائی شہر سقز سمیت کردستان کے دیگر شہروں میں بھی مبینہ سخت اسلامی قوانین اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کیخلاف مظاہرے جاری ہیں۔ منگل کے روز کھیلے گئے فٹ بال ورلڈ کپ کے ایک میچ میں امریکہ نے ایران کو صفر کے مقابلے ایک گول سے ہرا دیا۔ امریکہ کی طرف سے کرسچین پولیسک نے پہلے ہاف میں گول کیا، جو ایران آخر تک برابر نہ کرسکا۔ اس فتح کے ساتھ امریکہ اگلے راؤنڈ میں پہنچ گیا ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان چار عشروں سے سفارتی تعلقات منقطع ہیں۔ لندن سے کام کرنے والی ”ایران وائر“ نامی ویب سائٹ نے ٹوئٹر پر کہا کہ ایران کی فٹ بال ٹیم کیخلاف امریکہ کے پہلے گول پر شہر سقز کے رہائشیوں نے جشن منایا اور آتش بازی کی۔ انہوں نے ایک ویڈیو بھی شیئر کی جس میں آتش بازی دیکھی جاسکتی ہے اور پس منظر میں خوشی منانے کی آوازیں بھی آرہی ہیں۔ خبر رساں ایجنسی اس مواد کی فوری طور پر تصدیق نہیں کرسکی۔ کرد کارکن کا وہ قریشی کی ایک اور وڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جب امریکہ نے اپنا واحد گول کیا تو سنندج شہر کے ایک محلے میں خوشی سے چیخوں اور ہارن کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں۔ آن لائن شیئر کی جانے والی وڈیوز کے مطابق ایران کی شکست کے بعد کردستان کے ایک اور شہر مہاباد میں بھی آتش بازی کی گئی۔ ناروے میں قائم ہیومن رائٹس گروپ ہینگو کا کہنا ہے کہ مہاباد میں موٹر سائیکل سواروں نے اپنے ہارن بجا کر امریکی فتح کا جشن منایا۔ اس نے اپنے بیان میں کہا کہ صوبہ کردستان کے ایک اور شہر ماریوان میں بھی آتش بازی سے آسمان روشن ہوگیا جہاں سیکورٹی فورسز نے مظاہرین کیخلاف زبردست کارروائیاں شروع کر رکھی ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ صوبہ کرمان شاہ کے پاوہ اور سرپل زہاب شہروں میں بھی آتش بازی اور جشن منانے کی آوازیں سنی گئیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں