کچھی اور بالاناڑی میں چوری و ڈکیتیوں کی وارداتوں پر قابو پایا جائے، بی اے پی
ڈھاڈر (انتخاب نیوز) بلوچستان عوامی پارٹی ضلع کچھی بولان کے صدر و ممتاز قبائلی شخصیت حاجی میر تاج محمد رئیسانی نے اپنے ایک جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ ضلع کچھی بالخصوص بالاناڑی میں چوریوں، ڈکیتیوں کا نہ رکنے والا سلسلہ شروع ہے لیویز فورس علاقے میں چوری کے واردات کوکنٹرول کرنے میں بری طرح سے ناکام ہوچکی ہے جس کی واضح مثال گزشتہ شب تحصیل بالاناڑی حاجی شہر میں لاشاری موڑ پہ نامعلوم افراد نے اسلحے کے زور پر محمد حنیف آرائیں ساول خان آرائیں عبدالنبی آرائیں اور تین دیگر اشخاص سے موبائل اور نقدی لوٹ کر با آسانی فرار ہوگئے لیویز سے صرف پچاس گز کے فاصلے پر لیویز کے ناک کے نیچے بدامنی کے واقعات ہورہے ہیں۔انہوں نے کہا ہم ضلعی انتظامیہ سے پوچھنا چاہتے ہیں کہ لیویز کاکام کچھی کی عوام کو تحفظ دینا ہے یا چور ڈاکوؤں کے رحم کرم پر چھوڑنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ امن وامان کی بدتر صورتحال اور ڈاکوں کی یلغار کی وجہ سے علاقے کے عوام بہت پریشان ہیں ان کے گھر بھی غیر محفوظ ہوچکے ہیں اس سے قبل بھی متعدد وارداتیں ہو چکی ہیں چوروں کیخلاف مقدمات درج کروانے کی باوجود تاحال لیویز نے وارداتوں میں ملوث کسی بھی چورکوگرفتار نہیں کرسکی ہے جس کی وجہ سے علاقے کے مکینوں کا اعتماد مقامی لیویزسے ختم ہوتا جارہا ہے جو کہ لمحہ فکریہ ہے انہوں نے اعلیٰ حکام اور ڈپٹی کمشنر کچھی کی توجہ مبذول کراتے ہوئے کہا کہ وہ ضلع کچھی کے تمام علاقوں میں امن و امان کی صورتحال پر خصوصی توجہ دیں تاکہ عوام کے جان و مال کی حفاظت اور اور اس حوالے سے ان کا احساس عدم تحفظ کا خاتمے کو ممکن بنایا جائے۔


