تہران، فوجی اہلکار کو زخمی کرنے کے الزام میں شہری محسن شکاری کو پھانسی دیدی گئی

تہران (مانیٹرنگ ڈیسک) ایران میں حکومت مخالف مظاہروں کے دوران سڑک بند کرنے اور مسلح افواج کے اہلکار کو زخمی کرنے کے الزام میں ایک شہری کو پھانسی دے دی گئی جو مظاہرین کو دی جانے والی پہلی سزا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق 22 سالہ مہسا امینی کی ہلاکت کے بعد ایران میں جاری پرتشدد مظاہروں کے دوران پہلی بار ایک شخص کو سڑک بند کرنے اور مسلح افواج کے اہلکار کو زخمی کرنے کے جرم میں پھانسی دی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ایرانی عدلیہ کی آن لائن ویب سائٹ پر تفصیلات جاری کرتے ہوئے لکھا گیا ہے کہ 25 ستمبر کو دارالحکومت تہران کی ستار خان سڑک بند کرنے اور مسلح افواج کے اہلکار کو چاقو سے زخمی کرنے والے محسن شکاری نامی احتجاج کرنے والے شہری کو آج صبح پھانسی دے دی گئی ہے۔ عدالت کی ویب سائٹ میں لکھا گیا ہے کہ ’عدالت کو بتایا گیا کہ محسن شکاری کو پاسداران انقلاب کی ذیلی تنظیم کے رکن کو چاقو سے زخمی کرنے کے جرم میں گرفتار کیا گیا تھا‘۔ عدالت نے کہا کہ ملزم پر جھگڑا کرنے، قتل کے ارادے سے ہتھیار اٹھانے، دہشت پھیلانے اور معاشرے کا امن و امان خراب کرنے کا جرم ثابت ہوا ہے۔ مزید کہا کہ ملزم پر ایرانی قانون محاربہ کے تحت یکم نومبر کو فردِ جرم عائد کی گئی تھی تاہم ملزم نے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی تھی مگر سپریم کورٹ نے سزا برقرار رکھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں