حب پی ایچ ای کروڑوں کے واٹر سپلائی منصوبوں کا ریکارڈ پیش کرنے میں ناکام

حب(رپورٹ/عزیز لاسی) محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ لسبیلہ کے غضب کرپشن کی عجب کہانی کروڑوں روپے کے واٹر سپلائی منصوبے زمین کھا گئی یا آسمان نگل گیا لوگوں کو پینے کے پانی کی سہولت کیلئے صوبائی حکومت کے سالانہ ترقیاتی بجٹ میں دیئے گئے منصوبوں کا کوئی سراغ نہیں مل رہا جبکہ منصوبوں کے عوض حکومتی خزانے سے ریلیز کی گئی رقم نکالی جاچکی ہے دوسری جانب ترقیاتی منصوبوں کا ریکارڈ بھی غائب ہے،PHEلسبیلہ آڈٹ ٹیم کو ریکارڈ مہیا کرنے میں ناکام،آڈیٹر جنرل نے سیکرٹری PHEحکومت بلوچستان کو خط لکھ کر آگاہ کردیا،سیکرٹری PHEنے چیف انجینئر PHEساؤتھ زون کو متعلقہ ایکسین لسبیلہ کے دفتر سے آڈٹ ٹیم کو ریکارڈ فراہم کرنے کی ہدایات جاری کردی گئیں اس سلسلے میں بتایا جاتا ہے کہ محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ لسبیلہ کے غضب کرپشن کی طویل اور عجب کہانی کا سلسلہ عروج پر پہنچ چکا ہے صوبائی حکومت نے مالی سال 2021-2022؁ء کے سالانہ ترقیاتی بجٹ میں ضلع لسبیلہ اور حب کے مختلف علاقوں میں لوگوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے کروڑوں روپے کے منصوبے مختص کئے گئے اور ان منصوبوں کے فنڈز بھی PHEڈیپارٹمنٹ کو ریلیز کئے گئے تاہم یہاں پر منصوبوں کیلئے ریلیز کی گئی رقم ایڈوانس پے منٹ کے طور پر قومی خزانے سے نکال لی گئی اور فراہمی آب نوشی کے منصوبوں پر عملدرآمد نہ ہو سکا جس پرقبل از یں محکمانہ طور پر بھی متعدد بار انکوائریاں کرائی گئیں اور اس بات کا محکمہ انسداد بدعنوانی اینٹی کرپشن اور نیب بلوچستان نے بھی نوٹس لیا حال ہی میں ڈائریکٹر آف جنرل آڈٹ بلوچستان کوئٹہ کی ایک ٹیم نے ترقیاتی منصوبوں کے سالانہ ریکارڈ کی چھان بین کے حوالے سے لسبیلہ کا دورہ کیا اور ایکسین PHEلسبیلہ کے دفتر سے ترقیاتی منصوبو ں سمیت دیگر اخراجات کا ریکارڈ طلب کیا جس پر ایکسین PHEلسبیلہ کا دفتر سرکاری ریکارڈ آڈٹ ٹیم کو مہیا کرنے سے قاصر رہا جس پر ڈائریکٹر جنرل آڈٹ نے مورخہ12دسمبر2022؁ء کو ڈپٹی ڈائریکٹر آڈٹ بلوچستان کوئٹہ عابد خان کی دستخط سے سیکرٹری پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کو خط ارسال کر کے ریکارڈ کی فراہمی ممکن بنانے کی تنبیہ کی گئی آڈیٹر جنرل کے خط کی روشنی میں سیکرٹری PHEبلوچستان نے مورخہ22دسمبر2022؁ء کو ایک خط انجینئر حمید اللہ ناصر کی دستخط سے چیف انجینئر PHEساؤتھ زون کو ارسال کیا ہے جس میں انہیں ایکسین PHEلسبیلہ کے دفتر سے ترقیاتی اسکیموں کا ریکارڈ آڈیٹر جنرل کے دفتر کو مہیا کرنے کے حوالے سے ہدایت دی گئی ہے بتایا جاتا ہے کہ اس سے قبل ایڈوانس پے منٹ اور ترقیاتی اسکیموں پر عملدرآمدنہ ہونے پر سیکرٹری پی ایچ ای اور چیف انجینئر ساؤتھ زون کی ہدایت پر سپریٹنڈنٹ انجینئر قلات ڈویژن بمقام خضدار انجینئر غلام سرور مینگل نے حب اور لسبیلہ کا دورہ کیا تھا لیکن ذرائع کے مطابق اس رپورٹ کو بھی کافی عرصہ گزر نے کے باوجود حتمی شکل نہیں دی جارہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں