بلوچستان میں مختلف حادثات و واقعات میں 3 افراد جاں بحق، 19 زخمی
اوتھل، خضدار، پنجگور (انتخاب نیوز) لسبیلہ اور خضدار میں میں ٹریفک کے مختلف حادثات میں 4 افراد جاں بحق، 29 زخمی ہوگئے۔ مکران کوسٹل ہائی وے پر کراچی جانے والی ہائی ایکس گاڑی کو سنگل کے مقام پر حادثہ جس کے نتیجے میں خاتون سعدیہ جاں بحق جبکہ 17 افراد زخمی ہوگئے، زخمیوں میں خواتین،بچے بھی شامل ہیں۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ایدھی کے رضاکار جائے وقوعہ پر پہنچے، نعش اور زخمیوں کو DHQ ہسپتال اوتھل منتقل کیا۔ شدید زخمیوں کوایدھی، لسبیلہ ویلفیئر ٹرسٹ اور سرکاری ایمبولینسوں کے ذریعے کراچی ریفر کردیا گیا۔جاں بحق خاتون سعدیہ سمیت تمام زخمیوں کا تعلق کراچی کے علاقے ناظم آباد سے ہے۔ بیلہ کے قریب کراچی سے کوئٹہ جانے والی تیز رفتار ویگن گاڑی بریک فیل ہونے کی وجہ سے پل پر متبادل راستے کے لیئے رکھی مٹی کے ڈھیر سے جا ٹکرائی۔اطلاع ملتے ہی مرک 1122 ریسکیو سینٹر ٹیارو کی ٹیم فوری جائے حادثہ پرپہنچی۔ حادثے میں 8 افراد 4 خواتین، 4 مرد زخمی ہوئے جن کو ریسکیو سینٹر ٹیارو کی ٹیم نے فوری طور پر فرسٹ ایڈ دی۔ ضلع خضدار کے مضافاتی تحصیل وڈھ اورناچ کراس پر ٹو ڈی کار اور موٹر سائیکل کے درمیان تصادم تصادم کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار موقع پر جاں بحق جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوا ہے ذرائع کے مطابق شدید زخمی اور جاں بحق شخص کو خضدار ٹیچنگ ہسپتال منتقل کردیا گیاہے۔ ضلع پنجگور خدابادان میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ایک ڈاکو جاں بحق، ساتھی فرار، ایک مزدور زخمی ہوگیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق پنجگور کے علاقے خدابادان میں نئے تعمیراتی روڈ کے مزدور قریبی کمرے میں رہائش پذیر تھے کہ نامعلوم ڈاکوؤں نے انہیں لوٹنے کی کوشش کی، ڈاکوں کی لاٹھی لگنے سے ایک مزدور زخمی ہوا، رات کے اندھیرے میں ہاتھا پائی سے ایک ڈاکو جاں بحق ہوگیا جس کی شناخت آصف ولد لعل بخش ڈمب تسپ سے ہوئی جبکہ اسکا دوسرا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ نعش کو ٹیچنگ ہسپتال منتقل کردیا گیا، مزید تفتیش سٹی پولیس کررہی ہے۔


