پی ٹی آئی کا جمعہ سے ملک بھر میں مہنگائی کیخلاف احتجاج شروع کرنیکا اعلان
لاہور (انتخاب نیوز) تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ کل سے ملک بھر میں مہنگائی کے خلاف احتجاج شروع کیے جائیں گے۔ لاہور میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ بڑھتی ہوئے مہنگائی کے خلاف کل سے ملک گیر احتجاج کا آغاز ہوگا جس کے لیے پہلے مرحلے میں تین ہفتوں تک اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اپنے حلقوں میں مظاہروں کی قیادت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تین ہفتوں کے بعد چیئرمین عمران خان تحریک میں شامل ہوں گے اور پھر ہم دوبارہ سڑک پر ہوں گے، جب تک حکومت نہیں جاتی یہ سلسلہ دوبارہ شروع ہوگا۔ فواد چوہدری نے کہا کہ تحریک انصاف کی قیادت نے سینیٹر اعظم سواتی کے معاملے پر انسانی حقوقی کی سنگین خلاف ورزی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے اور ایک ویران جگہ کو اعظم سواتی کے لیے سب جیل قرار دینے کی بھی مذمت کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس عمارت میں اعظم سواتی کو گرفتار کرکے رکھا گیا ہے پیر کو سینیٹ اراکین اس عمارت کے سامنے ان کی رہائی کے لیے احتجاج کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اعظم سواتی نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ پر تحفظات کا اظہار کیا ہے اور درست بنیادوں پر کیا ہے کیونکہ ایسا کبھی نہیں ہوتا کہ جس جج نے اعظم سواتی کا فیصلہ محفوظ کیا ہوا تھا ان کا تبادلہ کیا گیا اور نئے جج نے ان کی ضمانت مسترد کردی، لہٰذا پاکستانی عدلیہ اپنی تاریخ کو دہرا رہی ہے۔


