صوبائی حکومت نے وفاق سے بلوچستان کے نوادرات واپس مانگ لئے، محکمہ آثارِ قدیمہ نے مراسلہ لکھ دیا
کوئٹہ(این این آئی) بلوچستان حکومت نے وفاقی حکومت سے اپنے نوادرات واپس مانگ لئے، یہ نوادرات پچھلے دو دھائی میں بلوچستان سے چوری ہوکر برطانیہ ،امریکہ ، فرانس اور اٹلی پہنچ گئے تھے ،،ان ممالک کی حکومتوں نے گیارہ سو سے زائد نوادرات برآمد کرکے پاکستان واپس بھجوادئیے۔ ڈائریکٹرجنرل محکمہ آثارِ قدیمہ و عجائب گھر بلوچستان کی جانب حکومتِ پاکستان کے محکمہ آثارِ قدیمہ کو لکھے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پچھلے بیس سال کے دوران بلوچستان سے گیارہ سو سے زائد نوادرات چوری کرکے امریکہ ،برطانیہ ،فرانس اور اٹلی پہنچائے گئے تھے ،ان چاروں ممالک کی حکومتوں نے ان نوادرات کو برآمد کرکے حکومت پاکستان کے حوالے کردئیے ہیں۔مراسلے میں لکھا گیا ہے یہ تمام نوادرات بلوچستان کے مختلف آثارِ قدیمہ کے مقامات سے دریافت کیے گئے تھے، اس لئے 18ویں آئینی ترمیم کے تحت تمام نوادرات حکومتِ بلوچستان کے حوالے کیے جائیں تاکہ انہیں عجائب گھروں میں محفوظ کرکے نمائش کیلئے رکھے جا سکیں ۔


